فیصل آباد میں دوہرا قتل، دیور کی فائرنگ سے بھابی اور بھتیجی جاں بحق، ایک شخص زخمی

فیصل آباد(جانوڈاٹ پی کے) تھانہ فیکٹری ایریا کی حدود میں فائرنگ کے واقعے میں ایک خاتون اور کم عمر لڑکی جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہوگیا۔ پولیس کے مطابق ملزم بدر زمان فائرنگ کے بعد موقع سے فرار ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے علاقے فیکٹری ایریا میں پیش آنے والے واقعے میں سمن بی بی اور میرب گولیاں لگنے سے موقع پر ہی دم توڑ گئیں، جبکہ رضوان زخمی ہوگیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق فائرنگ کا الزام مقتولین کے رشتہ دار بدر زمان پر عائد کیا گیا ہے۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاشوں کو تحویل میں لے کر قانونی کارروائی شروع کردی۔ زخمی شخص کو طبی امداد فراہم کرنے کے لیے ہسپتال منتقل کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔

واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) فیصل آباد انعام الرحمن ملک نے سی پی او فیصل آباد تنویر حسین سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی اور ملزم کی فوری گرفتاری کے احکامات جاری کیے۔

آر پی او انعام الرحمن ملک نے ہدایت کی کہ ملزم کو قانون کی گرفت میں لانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں، واقعے کے تمام پہلوؤں سے تفتیش کی جائے اور شواہد اکٹھے کرکے ملزم تک پہنچا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مقتولین کے لواحقین کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے، کیونکہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے۔

مزید خبریں

Back to top button