موٹروے پولیس کی ایمانداری، سڑک سے ملنے والے 5 لاکھ 45 ہزار روپے مالک کے حوالے کر دیے


احمد پور شرقیہ(جانوڈاٹ پی کے) موٹروے پولیس سنٹرل ریجن نے ایمانداری اور فرض شناسی کی مثال قائم کرتے ہوئے قومی شاہراہ سے ملنے والی 5 لاکھ 45 ہزار روپے کی رقم بحفاظت اصل مالک کے حوالے کر دی۔
ترجمان موٹروے پولیس سنٹرل ریجن سید عمران احمد کے مطابق موٹروے پولیس کے افسر ایس آئی صدام حسین اور کانسٹیبل محمد عاطف کو احمد پور شرقیہ کے قریب قومی شاہراہ پر رقم پڑی ہونے کی اطلاع ملی، جس پر دونوں اہلکاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے رقم اپنی تحویل میں لے لی۔
ترجمان کے مطابق رقم کے اصل مالک کی شناخت کے لیے ضروری تصدیق اور قانونی کارروائی مکمل کی گئی، جس کے بعد پوری رقم مالک دلشاد احمد کے حوالے کر دی گئی۔
رقم واپس ملنے پر دلشاد احمد نے موٹروے پولیس کے افسران اور اہلکاروں کی دیانت داری، فرض شناسی اور پیشہ ورانہ کارکردگی کو سراہا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔
موٹروے پولیس کے اہلکاروں کی اس کارروائی کو عوامی اعتماد اور ذمہ دارانہ طرزِ عمل کی ایک مثال قرار دیا جا رہا ہے۔