بحرین کے وزیر خارجہ کی فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات، دفاعی اور سکیورٹی تعاون بڑھانے پر اتفاق

راولپنڈی(جانوڈاٹ پی کے) بحرین کے وزیر خارجہ ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزیانی نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی، جس میں علاقائی سکیورٹی صورتحال اور پاکستان و بحرین کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی سکیورٹی صورتحال اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ دفاعی و سکیورٹی تعاون کے مختلف پہلوؤں پر گفتگو ہوئی۔

اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان اور بحرین کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے روابط مشترکہ اقدار اور باہمی احترام کی بنیاد پر قائم ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے دفاع اور سکیورٹی سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

ملاقات کے دوران بحرین کے وزیر خارجہ ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزیانی نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور آپریشنل تیاری کو سراہا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

بحرین کے وزیر خارجہ نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں اور کردار کو بھی سراہا۔ ملاقات کو دونوں ممالک کے درمیان دفاعی روابط اور سکیورٹی تعاون کے فروغ کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button