ٹرمپ کا وسط مدتی انتخابات سے پہلے ایران پر حملہ نہ کرنے کا اعلان، ناکہ بندی برقرار رکھنے کا فیصلہ

واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا 3 نومبر کو ہونے والے وسط مدتی انتخابات سے پہلے ایران پر حملہ نہیں کرے گا، جبکہ تہران کے ساتھ مفید اور نتیجہ خیز مذاکرات جاری ہیں۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں کہا کہ ایران اس وقت معاشی اور فوجی لحاظ سے انتہائی خراب حالت میں ہے، تاہم امریکا کی جانب سے ایران پر عائد ناکہ بندی مکمل طور پر برقرار رہے گی۔
امریکی صدر نے آبنائے ہرمز کی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ گزشتہ رات اس اہم بحری گزرگاہ سے 2 کروڑ 20 لاکھ بیرل تیل گزرا، تاہم گزرنے والے تیل میں ایک بیرل بھی ایران سے تعلق نہیں رکھتا تھا اور نہ ہی یہ تیل ایران کے لیے تھا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے جوہری پروگرام پر امریکی مؤقف دہراتے ہوئے واضح کیا کہ ایران کو کسی صورت جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرنے دیا جائے گا۔
امریکی صدر کے بیان میں ایک جانب ایران کے ساتھ مذاکرات جاری رہنے کا ذکر کیا گیا ہے، تو دوسری جانب اقتصادی دباؤ اور بحری ناکہ بندی برقرار رکھنے کے عزم کا اظہار بھی کیا گیا ہے۔ ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کے آئندہ مرحلے اور خطے کی صورتحال سے متعلق مزید پیش رفت پر نظر رکھی جا رہی ہے۔



