شہباز شریف اور بحرینی وزیر خارجہ کی ملاقات، تجارت و سرمایہ کاری بڑھانے پراتفاق

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) وزیراعظم شہباز شریف اور بحرین کے وزیر خارجہ ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزیانی کے درمیان ملاقات ہوئی، جس میں دونوں ممالک نے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور افرادی قوت کی استعداد کار بڑھانے سمیت مختلف شعبوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم آفس کے مطابق بحرین کے وزیر خارجہ ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزیانی پاکستان اور بحرین کے مشترکہ وزارتی کمیشن کے تیسرے اجلاس کی مشترکہ صدارت کے لیے پاکستان پہنچے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بحرینی وزیر خارجہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے بحرین کی قیادت اور عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے پاکستان اور بحرین کے دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات مشترکہ اقدار، باہمی اعتماد اور عوامی روابط پر استوار ہیں۔
ملاقات میں دونوں جانب سے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور افرادی قوت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ بحرینی وزیر خارجہ نے بحرین کی قیادت کی جانب سے وزیراعظم شہباز شریف کے لیے نیک خواہشات اور خیرسگالی کا پیغام بھی پہنچایا۔
ڈاکٹر عبداللطیف الزیانی نے باہمی مفاد کے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید مضبوط بنانے کے بحرین کے عزم کا اعادہ کیا۔
ملاقات کے دوران علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ باہمی دلچسپی کے امور پر مسلسل مشاورت اور رابطہ برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ بحرینی وزیر خارجہ نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار اور ثالثی کی کوششوں کو سراہا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے امید ظاہر کی کہ پاکستان اور بحرین کے مشترکہ وزارتی کمیشن کا تیسرا اجلاس دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دینے اور باہمی تعلقات مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔



