گوادر پورٹ سے زمینی تجارت کے فروغ کے لیے بڑا قدم، اہم اجلاس میں رکاوٹوں کے حل پر غور

کراچی (جانو ڈاٹ پی کے) گوادر پورٹ سے زمینی تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے اہم پیش رفت ہوئی ہے، اس حوالے سے ڈائریکٹوریٹ جنرل ٹرانزٹ ٹریڈ کسٹم ہاؤس کراچی میں اہم اجلاس منعقد ہوا۔

سرکاری اعلامیے کے مطابق اجلاس چیئرمین گوادر پورٹ نورالحق بلوچ کی زیر صدارت ہوا، جس میں گوادر پورٹ سے ایرانی ٹرانزٹ، ٹی آئی آر سہولت اور زمینی تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں گوادر پورٹ سے تجارتی سرگرمیوں کو درپیش مسائل اور رکاوٹوں کے حل پر تفصیلی غور کیا گیا۔ پاکستان کسٹمز، گوادر پورٹ اتھارٹی، چیمبرز آف کامرس، تاجر برادری اور کلیئرنگ ایجنٹس کے نمائندگان نے اجلاس میں شرکت کی۔

اعلامیے کے مطابق تجارتی سرگرمیوں کو مزید آسان اور مؤثر بنانے کے لیے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ گوادر پورٹ سے ایرانی ٹرانزٹ اور ٹی آئی آر سہولت کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔

تجارتی معاملات کے حل اور عملی پیش رفت کو آگے بڑھانے کے لیے دوسرا اجلاس جلد گوادر میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ گوادر میں ہونے والے اجلاس میں متعلقہ حکام، تاجر برادری اور کلیئرنگ ایجنٹس اپنے مسائل اور تجاویز پیش کریں گے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ گوادر پورٹ سے زمینی تجارت کو فعال بنانے، تجارتی رکاوٹیں دور کرنے اور ٹرانزٹ ٹریڈ کے فروغ کے لیے اقدامات جاری ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button