کیمرے والی عینکوں پر بڑا ایکشن؟ لاہور ہائیکورٹ نے اہم حکام طلب کرلیے

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے) لاہور ہائیکورٹ نے کیمرے لگی عینکوں کی فروخت پر پابندی کے لیے دائر درخواست پر چیئرمین پی ٹی اے، سیکریٹری کامرس، سیکریٹری داخلہ سمیت دیگر متعلقہ حکام کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔
چیف جسٹس عالیہ نیلم نے خاتون نادرہ بی بی کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کی جانب سے شہرام ساقی ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔
سماعت کے دوران وفاقی سیکریٹری کامرس، سیکریٹری داخلہ، چیئرمین ایف بی آر اور ممبر کسٹمز کی جانب سے عدالت میں جواب جمع نہ کرانے کا معاملہ بھی سامنے آیا۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ مارکیٹ میں بڑی دکانوں اور سپر اسٹورز پر کیمرے لگی عینکیں سرعام فروخت کی جارہی ہیں، جن کے ذریعے کسی بھی شخص کی خفیہ ویڈیو یا دیگر ریکارڈنگ کی جاسکتی ہے۔
درخواست گزار کے مطابق کیمرے لگی یہ عینکیں شہریوں کی پرائیویسی اور ملکی سیکیورٹی کے لیے خطرہ بن سکتی ہیں جبکہ ان کی فروخت کے لیے کسی متعلقہ حکومتی ادارے سے باقاعدہ منظوری بھی حاصل نہیں کی گئی۔
درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ سیکیورٹی رسک کی حامل کیمرے والی عینکوں کی فروخت پر فوری پابندی عائد کرنے کا حکم دیا جائے۔



