ڈیوٹی سے مسلسل غیر حاضری مہنگی پڑگئی، 10 پولیس اہلکار نوکری سے فارغ

لاہور(جانو ڈاٹ پی کے)سپیشل لاء اینڈ آرڈر ڈیوٹی سے مسلسل غیر حاضر رہنے والے10پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے انہیں نوکری سے فارغ کردیا گیا۔قائم مقام ڈی پی او عبدالمجید نے10پولیس ملازمان کو برطرف کردیا۔ منڈی بہاؤالدین میں ہفتہ وار اردل روم کے دوران محکمانہ کیسز کی سماعت بھی کی گئی، جہاں ایک کانسٹیبل کو سنشور کی سزا سنائی گئی۔قائم مقام ڈی پی او عبدالمجید نے کہا کہ فرائض میں غفلت اور ڈیوٹی سے غیر حاضری کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، پولیس فورس میں ڈسپلن اور فرائض کی پابندی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ محکمانہ قواعد کی خلاف ورزی پر بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے گی۔



