گھر بیچا، پروجیکٹ ڈوبا، بھائی انوپم کھیر نے بھی مدد نہ کی، راجو کھیر کا بڑا انکشاف

ممبئی (جانو ڈاٹ پی کے)بالی ووڈ کے سینئر اداکار انوپم کھیر کے چھوٹے بھائی، اداکار و ہدایت کار راجو کھیر نے اپنی زندگی کے مشکل ترین ادوار میں سے ایک کا ذکر کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ مالی بحران کے دوران انہیں اپنے بھائی انوپم کھیر سے وہ مالی مدد نہیں مل سکی جس کی انہیں توقع تھی۔
69 سالہ راجو کھیر نے سدھارتھ کنن کے پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں ایک ٹیلی ویژن پروجیکٹ کے سلسلے میں شدید مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ ان کے مطابق ایک نئے ٹی وی چینل کے لیے شروع کیے جانے والے منصوبے کا حصہ بننے کے لیے انہوں نے اپنا گھر تک فروخت کردیا اور حاصل ہونے والی رقم پروجیکٹ میں لگا دی۔
راجو کھیر نے بتایا کہ اس منصوبے کا نام ’لائف کے لیے کچھ بھی کرے گا‘ تھا، تاہم اچانک انہیں معلوم ہوا کہ جس چینل کے لیے یہ منصوبہ تیار کیا جارہا تھا وہی بند ہوگیا اور پروجیکٹ بھی آگے نہ بڑھ سکا۔
ان کے مطابق اس صورتحال نے انہیں شدید مالی مشکلات میں ڈال دیا اور کرائے کے مکان کے اخراجات پورے کرنا بھی مسئلہ بن گئے۔ راجو کھیر کا کہنا تھا کہ اس وقت ان کے پاس مدد کے لیے کوئی اور راستہ نہیں تھا، اس لیے انہوں نے اپنے بھائی انوپم کھیر سے امید وابستہ کی۔
راجو کھیر نے کہا کہ انہیں اس وقت محسوس ہوا کہ ان کے بھائی ان کی مدد کرسکتے تھے، تاہم انوپم کھیر بھی خود کام کے حوالے سے مشکلات سے گزر رہے تھے، جس کے باعث انہیں وہ مالی تعاون نہیں مل سکا جس کی وہ توقع کررہے تھے۔
انہوں نے اعتراف کیا کہ اس وقت ان کے ذہن میں یہی خیال تھا کہ بھائی نے ان کی مدد نہیں کی، تاہم وقت گزرنے کے ساتھ انہیں صورتحال کا دوسرا رخ بھی سمجھ آیا۔
راجو کھیر کے مطابق بعد میں انہیں احساس ہوا کہ انوپم کھیر خود بھی مشکل حالات سے گزر رہے تھے اور محض کامیاب یا مشہور ہوجانے کا مطلب یہ نہیں کہ انسان کی زندگی ہمیشہ آسان رہتی ہے۔راجو کھیر کا کہنا تھا کہ ماضی کے اس تجربے نے انہیں حالات اور اپنے بھائی کی مشکلات کو ایک مختلف زاویے سے سمجھنے کا موقع دیا۔



