اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو پاکستان کا اعلیٰ سول اعزاز مل گیا

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) صدر مملکت آصف علی زرداری نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کو پاکستان کا اعلیٰ سول اعزاز نشانِ امتیاز عطا کردیا۔ایوانِ صدر میں انتونیو گوتریس کے اعزاز میں پروقار تقریب منعقد ہوئی، جہاں صدر مملکت نے معزز مہمان کو نشانِ امتیاز پیش کیا۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، وفاقی کابینہ کے ارکان اور مختلف ممالک کے سفارتی نمائندوں نے شرکت کی۔اعلیٰ حکومتی شخصیات اور غیر ملکی سفرا کی شرکت سے تقریب کی اہمیت مزید نمایاں ہوگئی، جبکہ صدر مملکت کی جانب سے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو قومی اعزاز سے نوازا جانا پاکستان اور اقوام متحدہ کے درمیان تعلقات کی اہمیت کو بھی اجاگر کرتا ہے۔



