حکومت سے مذاکرات بھی ہوں گے یا نہیں؟اسدقیصرکابڑا اعلان

صوابی (جانو ڈاٹ پی کے)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اسد قیصر نے حکومت کو مذاکرات کی پیشکش کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ سنگین تحفظات کے باوجود پی ٹی آئی بات چیت کیلئے تیار ہے، تاہم خیبرپختونخوا کے عوام کے امن کے مطالبے کو کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔

ویڈیو بیان میں اسد قیصر نے کہا کہ پی ٹی آئی پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے خلاف نہیں، ہمارا ایک ہی ایجنڈا ہے کہ پاکستان جیتے اور پاکستان ترقی کرے۔ پاکستان کی خاطر تمام سیاسی قوتوں کو مذاکرات کی میز پر بیٹھنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں امن و امان اور بنیادی انسانی حقوق کی صورتحال پر آل پارٹیز کانفرنس بلائی جارہی ہے۔ اے پی سی کا پہلا ایجنڈا صوبے میں امن و امان کی صورتحال اور بنیادی انسانی حقوق ہونا چاہیے۔

اسد قیصر نے سیاسی قیدیوں کی رہائی اور آئین و قانون کی بالادستی پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے بنیادی آئینی اور انسانی حقوق سلب کیے جارہے ہیں۔ ان کے بقول بانی پی ٹی آئی، ان کی اہلیہ، بہنوں اور خاندان کو سیاسی مقدمات کا سامنا ہے جبکہ 2 ہزار سے زائد پی ٹی آئی کارکنان جیلوں میں ہیں۔

پولیس ٹرانسفر پوسٹنگ پر بھی بڑا سوال

پی ٹی آئی رہنما نے صوبائی حکومت کے اختیارات کا معاملہ اٹھاتے ہوئے سوال کیا کہ پولیس میں ٹرانسفر اور پوسٹنگز صوبائی حکومت سے مشاورت کے بغیر کیوں کی جارہی ہیں؟

انہوں نے کہا کہ صوبے کے چیف ایگزیکٹو کے آئینی اختیار کا احترام کیا جائے، پنجاب، سندھ اور خیبرپختونخوا میں پولیس قوانین میں فرق کیوں ہے، اس معاملے کو بھی دیکھا جانا چاہیے۔

اسد قیصر نے واضح کیا کہ تحریک انصاف آئین و قانون کے دائرے میں رہ کر اپنی سیاسی جدوجہد جاری رکھے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے مفاد میں سیاسی قوتوں کو اختلافات کے باوجود مذاکرات کا راستہ اختیار کرنا ہوگا۔

مزید خبریں

Back to top button