خیبرپختونخوا میں سکیورٹی صورتحال پر اہم اجلاس، لانگ مارچ اور احتجاجی سرگرمیوں پر گورنر کو بریفنگ

پشاور (جانو ڈاٹ پی کے)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی زیرصدارت پشاور میں صوبے کی مجموعی سکیورٹی اور امن وامان کی صورتحال پر اہم اجلاس ہوا، جس میں چیف سیکریٹری، آئی جی پولیس اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران گورنر خیبرپختونخوا کو صوبے میں امن وامان، انسداد دہشت گردی اور جرائم کی مجموعی صورتحال کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی، جبکہ پولیس کو درپیش مختلف انتظامی اور عملی مشکلات سے بھی آگاہ کیا گیا۔
حکام نے بریفنگ میں بتایا کہ خیبرپختونخوا پولیس کو جدید اسلحے، افرادی قوت اور انفرااسٹرکچر سمیت متعدد مسائل کا سامنا ہے۔ سکیورٹی اداروں کی ضروریات اور موجودہ وسائل کے حوالے سے بھی اجلاس کو آگاہ کیا گیا۔
لانگ مارچ اور احتجاجی سرگرمیوں پر بھی بریفنگ
اجلاس میں صوبے میں جاری اور ممکنہ احتجاجی سرگرمیوں اور لانگ مارچ سے متعلق صورتحال پر بھی گورنر کو بریفنگ دی گئی۔ حکام نے امن وامان برقرار رکھنے اور کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے سکیورٹی انتظامات سے آگاہ کیا۔
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ خیبرپختونخوا میں 45 افغان مہاجر کیمپ ختم کیے جاچکے ہیں، جبکہ مجموعی طور پر 16 لاکھ افغان مہاجرین کو افغانستان واپس بھیجا گیا ہے۔
سکیورٹی اداروں کی صلاحیتیں بڑھانے کی ہدایت
گورنر فیصل کریم کنڈی نے پولیس، کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور دیگر سکیورٹی اداروں کی صلاحیتیں مزید بڑھانے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں امن وامان کے قیام کیلئے سکیورٹی اداروں کے درمیان باہمی روابط اور تعاون کو مزید مستحکم کیا جائے تاکہ دہشت گردی اور جرائم سمیت دیگر چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹا جاسکے۔گورنر خیبرپختونخوا نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس اور سکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو خراج عقیدت بھی پیش کیا اور اداروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے پر زور دیا۔



