پمز میں ایک بار پھر انتظامی تبدیلیاں، نئے ایگزیکٹو ڈائریکٹر تعینات

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی حکومت نے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) میں اعلیٰ سطح پر ایک بار پھر انتظامی تبدیلیاں کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر تنویر خلیق کو ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز کا اضافی چارج دے دیا، جبکہ پروفیسر ڈاکٹر بریگیڈیئر (ر) عظمت حیات کو جوائنٹ ایگزیکٹو ڈائریکٹر (میڈیکل) کی اضافی ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں۔

وفاقی وزارت قومی صحت نے دونوں تعیناتیوں کے الگ الگ نوٹیفکیشن جاری کردیئے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر تنویر خلیق کو گریڈ 21 کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز کا اضافی چارج دیا گیا ہے۔

وزارت قومی صحت کے 5 اکتوبر کو جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پروفیسر ڈاکٹر تنویر خلیق 3 ماہ تک یا مستقل ایگزیکٹو ڈائریکٹر کی تعیناتی تک، جو بھی پہلے ہو، پمز کے انتظامی امور کی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔ انہیں قواعد کے مطابق اضافی معاوضہ بھی دیا جائے گا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق یہ انتظام وزیراعظم آفس کی 2 اکتوبر کی ہدایات کی روشنی میں کیا گیا ہے۔

دوسری جانب پمز کے موجودہ سربراہ ڈاکٹر محمد سلمان کو قومی ادارہ صحت اسلام آباد واپس بھیج دیا گیا ہے اور انہیں فوری طور پر اپنی اصل محکمانہ ذمہ داریاں سنبھالنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ نوٹیفکیشن میں ڈاکٹر محمد سلمان کو عہدے سے ہٹانے کی کوئی وجہ بیان نہیں کی گئی اور نہ ہی ان کے خلاف کسی تادیبی کارروائی کا ذکر ہے۔

یاد رہے کہ ڈاکٹر محمد سلمان کو رواں سال 29 اگست کو پمز میں انتظامی ذمہ داری سونپی گئی تھی۔ اس سے قبل 26 اگست کو مدر اینڈ چائلڈ ہیلتھ سینٹر کی نرسری میں آتشزدگی کے المناک واقعے میں 14 نومولود جاں بحق ہوگئے تھے، جس کی عبوری انکوائری میں فائر سیفٹی، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے اور نومولود بچوں کے بروقت انخلا کے انتظامات میں سنگین خامیوں کی نشاندہی کی گئی تھی۔

انکوائری میں یہ بھی بتایا گیا تھا کہ نرسری میں آگ لگنے کی صورت میں کارروائی کے لیے منظور شدہ اور عملی طور پر مشق شدہ طریقہ کار موجود ہونے کے شواہد نہیں ملے۔ واقعے کے بعد پمز کو پارلیمانی ہیلتھ کمیٹیوں کے سامنے بھی وضاحتیں دینا پڑیں۔

14 ستمبر کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے صحت نے پمز حکام کو سانحے پر 24 گھنٹے میں ایف آئی آر درج کرنے کی ہدایت کی تھی، جبکہ 24 ستمبر کو وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے پمز کے دورے کے دوران متاثرہ نرسری کی مسلسل بندش پر ڈاکٹر محمد سلمان سے وضاحت طلب کرتے ہوئے اسے دوبارہ کھولنے کی ٹائم لائن بھی مانگی تھی۔

دریں اثنا، وزارت قومی صحت کے سیکریٹری کی منظوری کے بعد پمز کے پروفیسر آف الیکٹرو فزیالوجی پروفیسر ڈاکٹر بریگیڈیئر (ر) عظمت حیات کو ان کی موجودہ ذمہ داریوں کے ساتھ جوائنٹ ایگزیکٹو ڈائریکٹر (میڈیکل) پمز کا اضافی چارج بھی دے دیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ڈاکٹر عظمت حیات یہ اضافی ذمہ داریاں 3 ماہ تک یا مذکورہ عہدے پر مستقل افسر کی دستیابی تک، جو بھی پہلے ہو، انجام دیں گے۔ انہیں بھی قواعد کے تحت قابلِ قبول اضافی معاوضہ ادا کیا جائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button