قندیل بلوچ کی زندگی سے متاثر پاکستانی فلم’’وکھری‘‘ساؤتھ ایشین فلم سیزن 2026 کا حصہ بن گئی

لندن(جانوڈاٹ پی کے)پاکستانی فلم ’وکھری‘ کو برطانیہ کے نشریاتی ادارے کے تحت منعقد ہونے والے ساؤتھ ایشین فلم سیزن 2026 میں شامل کرلیا گیا ہے، جس میں پاکستان، بھارت اور بنگلادیش کی 9 فلمیں پیش کی جائیں گی۔

2024 میں پاکستان بھر میں ریلیز ہونے والی فلم ’وکھری‘ کی کہانی ایک بیوہ اسکول ٹیچر نور ملک کے گرد گھومتی ہے جو سوشل میڈیا پر راتوں رات شہرت حاصل کرلیتی ہے۔

ہدایت کار ارم پروین بلال کی فلم ’وکھری‘ غیرت کے نام پر قتل کی جانے والی پاکستانی سوشل میڈیا انفلوئنسر قندیل بلوچ کی زندگی سے متاثر ہے، جس میں مرکزی کردار اداکارہ فریال گوہر نے نبھایا ہے۔

فلم کی ساؤتھ ایشین فلم سیزن میں شمولیت پر پروڈیوسر عابد عزیز مرچنٹ نے جیو ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’وکھری‘ کا عالمی سطح پر پیش کیا جانا ان کے لیے توثیق کی بات ہے۔

انہوں نے کہا کہ فلم کا بین الاقوامی فیسٹیولز میں سفر اور اس سال ساؤتھ ایشین فلم سیزن میں شمولیت، جہاں اسے ’آل وی امیجن ایز لائٹ‘ جیسی فلم کے ساتھ پیش کیا گیا، اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ پاکستانی کہانیاں عالمی ناظرین سے جڑ سکتی ہیں۔

پروڈیوسر کے مطابق پاکستانی سینما کے اس حساس دور میں، جہاں فلم سازوں کو کئی مسائل کا سامنا ہے، ’وکھری‘ کا عالمی سطح تک پہنچنا دیگر فلم سازوں کے لیے امید کی ایک کرن ہے۔

’وکھری‘ لوکارنو، کانز اور بوسان کے معروف عالمی فلمی پلیٹ فارمز پر بھی پیش کی جاچکی ہے، جبکہ دسمبر 2023 میں ریڈ سی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول، جدہ میں اس کا ورلڈ پریمیئر ہوا تھا۔ بعد ازاں 2024 میں فلم نے متعدد بین الاقوامی فلم فیسٹیولز میں جگہ بنائی۔

ساؤتھ ایشین فلم سیزن کا مقصد جنوبی ایشیا کے مختلف ممالک کے سینما، فلم سازوں اور ان کی کہانیوں کو بین الاقوامی ناظرین تک پہنچانا ہے۔ اس سال کے سیزن میں ڈرامہ، تھرلر اور سماجی موضوعات پر مبنی فلمیں شامل ہیں، جن میں طبقاتی فرق، نسلی امتیاز، سیاسی تقسیم اور صنفی عدم مساوات جیسے موضوعات کو اجاگر کیا گیا ہے۔

فلم ’وکھری‘ 5 اکتوبر کو برطانوی نشریاتی ادارے پر نشر کی جائے گی، جبکہ بعد ازاں اسے آن لائن بھی پیش کیا جائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button