انکم ٹیکس چھاپوں سے نام جوڑنے پر راکول پریت پھٹ پڑیں، میڈیا کو بڑا جواب

 ممبئی (جانو ڈاٹ پی کے)بالی ووڈ اداکارہ راکول پریت سنگھ نے ممبئی میں انکم ٹیکس ڈیپارٹمنٹ کی مبینہ تلاشی کارروائی سے اپنا نام جوڑے جانے والی میڈیا رپورٹس پر سخت ردعمل دیتے ہوئے ان خبروں کی تردید کردی۔

فلم ’یاریاں‘ کی اداکارہ نے پیر کو سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ ان کے بارے میں خبریں حقائق کی تصدیق کیے بغیر سنسنی خیز انداز میں پیش کی گئیں۔ راکول پریت نے واضح کیا کہ انکم ٹیکس ڈیپارٹمنٹ کی کارروائی ان کے خلاف نہیں تھی اور میڈیا اداروں سے قیاس آرائیوں پر مبنی رپورٹس واپس لینے کا مطالبہ کیا۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ ایک ’آرمی فیملی‘ سے تعلق رکھتی ہیں اور فلمی دنیا میں کسی گاڈ فادر کے بغیر اپنی محنت سے مقام بنایا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ وہ 20 سال کی عمر سے باقاعدگی سے اپنے ٹیکس ادا کر رہی ہیں۔

راکول پریت نے غیر قانونی غیر ملکی ترسیلاتِ زر سے اپنے یا کسی پروڈکشن ہاؤس کے تعلق کی بھی سختی سے تردید کی۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت یا بیرون ملک ان کے نام پر کوئی ’بینامی‘ جائیداد موجود نہیں اور نہ ہی انہوں نے کبھی تحفے کے طور پر کوئی قیمتی جائیداد قبول کی۔

اداکارہ نے میڈیا اداروں سے اپیل کی کہ اگر ان کے بارے میں جھوٹی، بدنیتی پر مبنی یا قیاس آرائیوں پر مبنی خبریں شائع ہوئی ہیں تو انہیں واپس لیا جائے اور حقائق واضح کیے جائیں۔

راکول پریت نے کہا کہ میڈیا پر موجود تجارتی دباؤ اپنی جگہ، تاہم یہ دباؤ حقائق پر مبنی صحافت، کسی فرد کی ساکھ یا اس کے روزگار کی قیمت پر نہیں ہونا چاہیے۔

مزید خبریں

Back to top button