ہانگ کانگ سکسز میں پاک بھارت ٹاکرا، ٹائٹل کے دفاع کامشن سامنے آگیا

 اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) ہانگ کانگ سکسز کے 22ویں ایڈیشن کا مکمل شیڈول جاری کردیا گیا، جس کے مطابق ٹورنامنٹ کے تمام 25 میچز 30 اکتوبر سے یکم نومبر تک ٹن کوونگ روڈ ریکریشن گراؤنڈ میں کھیلے جائیں گے۔

ٹورنامنٹ میں 12 ٹیمیں شرکت کریں گی جنہیں چار گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ دفاعی چیمپئن پاکستان کو گروپ سی میں روایتی حریف بھارت اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ شامل کیا گیا ہے۔

پاکستان نے گزشتہ سال فائنل میں کویت کو شکست دے کر چھٹی مرتبہ ہانگ کانگ سکسز کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا، جبکہ رواں ایڈیشن میں بھی قومی ٹیم ٹائٹل کے دفاع کے لیے میدان میں اترے گی۔گروپ اے میں آسٹریلیا، میزبان ہانگ کانگ، چین اور انگلینڈ شامل ہیں۔ گروپ بی میں بنگلادیش، اسکاٹ لینڈ اور سری لنکا جبکہ گروپ ڈی میں جنوبی افریقا، عمان اور افغانستان کو رکھا گیا ہے۔پاکستان 30 اکتوبر کو صبح 7 بج کر 35 منٹ پر متحدہ عرب امارات کے خلاف اپنی مہم کا آغاز کرے گا، جبکہ اسی روز صبح 11 بج کر 15 منٹ پر بھارت کے خلاف اہم میچ کھیلے گا۔31 اکتوبر کو گروپ مرحلے کے باقی میچز کے ساتھ ناک آؤٹ مرحلے کا آغاز ہوگا۔ ہر گروپ کی ٹاپ ٹیمیں کپ، دوسرے نمبر پر آنے والی ٹیمیں پلیٹ جبکہ تیسرے نمبر کی ٹیمیں باؤل سیمی فائنلز کے لیے کوالیفائی کریں گی۔ہانگ کانگ سکسز کا کپ فائنل یکم نومبر کو دوپہر 12 بج کر 10 منٹ پر کھیلا جائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button