حکومت نے 2 لاکھ ٹن سرپلس چینی برآمد کرنے کا طریقہ کار طے کرلیا

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)وفاقی حکومت نے 2 لاکھ ٹن سرپلس چینی کی برآمد کےلیے طریقہ کار طے کرلیا ہے۔
نائب وزیراعظم سینیٹر اسحاق ڈار کی سربراہی میں قائمہ کمیٹی نے اہم فیصلے کیے اور ملک سے سرپلس 2 لاکھ ٹن چینی برآمد کرنے کی اجازت دے دی۔
وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی نے چینی کی برآمد سے متعلق فیصلوں پر اسٹیٹ بینک کو مراسلہ تحریر کیا ہے اور کہا کہ چینی برآمد پر شپمنٹ کی کوئی ڈیڈ لائن نہیں ہوگی۔
مراسلے میں کہا گیا کہ چینی کی برآمد ایل سی ایٹ سائٹ یا ایڈوانس پیمنٹ پر ہوگی، ایکسپورٹ پروسیڈز کی رپورٹنگ اسٹیٹ بینک کے ضوابط کے مطابق ہوگی۔
اسٹیٹ بینک نے 2 لاکھ ٹن چینی کی برآمد کےلیے مجاز ڈیلرز کو ہدایات بھی جاری کردی ہیں، شوگر ملز ایسوسی ایشن کے مل وائز کوٹہ کے مطابق فنانشل انسٹرومنٹ جاری ہوگا۔
ایس بی پی کے سرکلر کے مطابق چینی کی شپمنٹ صرف بذریعہ بحری راستہ ہوگی، مجاز ڈیلرز ٹرانزیکشن کی ڈیو ڈیلیجنس اور کلائنٹ کی بونافائیڈز کی تصدیق کریں گے۔
سرکلر کے مطابق مجاز ڈیلرز کو تمام صارفین کو ہدایات سے آگاہ اور مکمل عمل درآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔
ای سی سی اوروفاقی کابینہ نےگزشتہ ماہ 2 لاکھ ٹن سرپلس چینی برآمدکرنےکی منظوری دی تھی۔



