ٹرمپ انتظامیہ کا تقریباً 10 لاکھ امریکیوں کو 500 ڈالر کے ریفنڈ چیکس بھیجنے کا آغاز

واشنگٹن(جانوڈاٹ پی کے)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے رواں ہفتے تقریباً 10 لاکھ امریکیوں کو 500 ڈالر کے ریفنڈ چیک ڈاک کے ذریعے بھیجنے کا سلسلہ شروع کردیا۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق ناقدین کا کہنا ہے کہ یہ اقدام نومبر میں ہونے والے وسط مدتی انتخابات پر اثر انداز ہو سکتا ہے۔ ان انتخابات میں یہ فیصلہ ہونا ہے کہ آیا ریپبلکن پارٹی کانگریس پر اپنا کنٹرول برقرار رکھ پائے گی یا نہیں۔
وائٹ ہاؤس کے مطابق یہ ادائیگیاں ان اضافی فیسوں کی واپسی ہیں جو ‘افورڈیبل کیئر ایکٹ’ (اوباما کیئر) کے تحت ہیلتھ انشورنس خریدنے والے افراد سے وصول کی گئی تھیں۔
صدر ٹرمپ نے جمعرات کو وصول کنندگان کو بھیجے گئے ایک خط میں لکھا کہ ’یہ پیسہ محنت کش امریکیوں کا ہے، حکومت کا نہیں، اور اب میں اسے آپ کو واپس کر رہا ہوں!‘۔
خبررساں ایجنسی کے مطابق یہ ادائیگیاں ملک بھر میں یکساں طور پر نہیں کی جائیں گی بلکہ صرف ان 30 ریاستوں کے مخصوص رہائشیوں کو یہ چیک ملیں گے جو ہیلتھ کوریج کے لیے وفاقی پورٹل پر انحصار کرتے ہیں۔
اپنے انشورنس پروگرام خود چلانے والی 20 ریاستوں کے شہری اس سے مستفید نہیں ہوں گے۔
وائٹ ہاؤس کے مطابق اگرچہ ایک کروڑ 90 لاکھ افراد اوباما کیئر پر انحصار کرتے ہیں لیکن ان میں سے صرف 9 لاکھ 50 ہزار کو ہی یہ ادائیگیاں ہوں گی۔
اہم بات یہ ہے کہ یہ اہل ریاستیں 3 نومبر کے انتخابات میں ممکنہ طور پر سخت مقابلوں کا مرکز ہیں۔
غیر جانبدار تجزیہ کاروں کے مطابق سینیٹ کی 9 میں سے 8 اور گورنرز کی 12 میں سے 10 سخت ترین مقابلے والی نشستیں انہی ریاستوں میں ہیں۔
رائٹرز کے تجزیے کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ کی ان ادائیگیوں کا تقریباً 71 فیصد (33 کروڑ 90 لاکھ ڈالر) صرف ان 13 ریاستوں کے شہریوں کو جائے گا جہاں سخت مقابلے متوقع ہیں۔
ڈیموکریٹک امیدوار اور تجزیہ کار ان ادائیگیوں کو انتخابات پر اثر انداز ہونے کی کھلی کوشش قرار دے رہے ہیں۔
حکومت کی جانب سے ادا کی جانے والی رقم کا تعلق اس ’یوزر فیس‘ سے ہے جو HealthCare.gov پر انشورنس پلان فروخت کرنے والی کمپنیاں ادا کرتی ہیں اور بالآخر یہ بوجھ صارفین پر منتقل ہوتا ہے۔
صدر ٹرمپ کا دعویٰ ہے کہ بائیڈن انتظامیہ نے یہ فیسیں ضرورت سے زیادہ مقرر کی تھیں جس سے ایک سرپلس فنڈ جمع ہو گیا اور اب وائٹ ہاؤس ان چیکس کو اسی اضافی رقم کی واپسی کے طور پر پیش کر رہا ہے۔
واضح رہے کہ صدر ٹرمپ اس سے قبل بھی سیاسی مقاصد کے لیے عوامی فنڈز کے استعمال کا عندیہ دے چکے ہیں۔ گزشتہ ماہ انہوں نے تجویز دی تھی کہ اگر ریپبلکنز مڈ ٹرم انتخابات میں ایوان نمائندگان اور سینیٹ کا کنٹرول برقرار رکھتے ہیں تو تمام بالغ امریکی شہریوں کو 5000 ڈالر کے چیک بھیجے جائیں گے۔



