کے پی میں بڑا سیاسی طوفان،گورنر راج کیلئے تیار ہیں،کنڈی

 پشاور (جانو ڈاٹ پی کے)گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبے میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کے لیے مکمل تیار ہیں، آئین میں اس کی گنجائش موجود ہے۔

سابق صوبائی وزیر سید اختر حسین شاہ کی وفات پر تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے پاکستان تحریک انصاف کو چیلنج کیا کہ وہ لانگ مارچ کرے اور صوابی کراس کرکے دکھائے۔

گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ پی ٹی آئی کے صوبائی صدر جنید اکبر اور وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے بیانات سے صوبے میں سیاسی کشیدگی بڑھ رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے ساتھ نہ کوئی ڈھیل ہوگی اور نہ ڈیل۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ جو لوگ پہلے فارم 47 کے حوالے سے حکومت سے بات نہ کرنے کا کہتے تھے، وہی اب مذاکرات کے لیے پہنچ گئے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔

دوسری جانب حالیہ دنوں میں وفاقی سطح پر بھی خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی کے معاملے پر مشاورت اور قانونی آپشنز کا جائزہ لینے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، تاہم وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری کے مطابق حتمی فیصلہ مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button