مکہ دفاعی معاہدے میں 6 سے زائد مسلم ممالک کی انٹری؟ بڑا انکشاف

 اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ کم از کم 6 مسلم ممالک مکہ دفاعی معاہدے میں شمولیت کے خواہشمند ہیں تاہم فی الحال ان ممالک کے نام ظاہر کرنا مناسب نہیں ہوگا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مکہ دفاعی معاہدہ دفاعی نوعیت کا ہے اور اس کا مقصد جارحانہ کارروائی نہیں بلکہ مشترکہ دفاع ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نئے ارکان کی شمولیت کا فیصلہ تینوں بانی ممالک باہمی طور پر کریں گے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ سعودی عرب پر 17 سے 18 حملے ہوچکے ہیں اور پاکستان مکہ معاہدے کے تحت سعودی عرب کے دفاع کا پابند ہے۔ انہوں نے بتایا کہ موجودہ صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے مکہ معاہدے کے تحت اسٹریٹجک پولیٹیکل ڈیفنس کمیٹی کا اجلاس جلد ریاض میں ہوگا۔

اسحاق ڈار کے مطابق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف نے کشمیر اور فلسطین سمیت اہم علاقائی معاملات پر پاکستان کا مؤقف واضح طور پر پیش کیا جبکہ پاکستان کی امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات اور امن کیلئے کوششوں سے بھی عالمی برادری کو آگاہ کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے 47 سال بعد امریکا اور ایران کو اسلام آباد میں مذاکرات کی میز پر لانے میں کردار ادا کیا اور دونوں ممالک کے درمیان 21 گھنٹوں پر محیط 6 نشستیں ہوئیں۔

اسحاق ڈار نے مزید بتایا کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے پاکستان آنے کی دعوت قبول کرلی ہے اور ان کا دورہ مدتِ ملازمت ختم ہونے سے قبل متوقع ہے۔

مزید خبریں

Back to top button