مدینہ منورہ میں حملہ،خلیج تعاون کونسل نے ریڈ لائن قراردیدیا

ریاض (جانو ڈاٹ پی کے)مدینہ منورہ میں مسجد نبوی ﷺ کو بجلی فراہم کرنے والی تنصیب پر ڈرون حملے کے معاملے نے خطے میں شدید تشویش پیدا کردی، خلیج تعاون کونسل کے سیکرٹری جنرل جاسم محمد البدیوی نے حملے کو تمام ریڈ لائنز عبور کرنے والا اقدام قرار دے دیا۔

 

جاسم البدیوی نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کے لیے کھلا اشتعال اور اسلامی مقدسات کی حرمت کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کا اقدام مذہبی و انسانی اقدار اور بین الاقوامی قوانین و ضوابط کو نظرانداز کرنے والے جارحانہ رویے کی عکاسی کرتا ہے۔

سعودی قیادت میں یمن کے لیے قائم اتحاد کے مطابق ڈرون نے مدینہ منورہ میں طیبہ پاور ڈسٹری بیوشن اسٹیشن کو نشانہ بنایا، جو مسجد نبوی ﷺ اور شہر کے شہری علاقوں کو بجلی فراہم کرتا ہے۔ حملے کے نتیجے میں ایک ٹرانسفارمر بند ہوگیا تاہم مجموعی بجلی کا نظام متاثر نہیں ہوا۔ اتحاد نے تحقیقات اور ڈرون کے ملبے کے جائزے کی بنیاد پر حوثیوں کو حملے کا ذمہ دار قرار دیا ہے۔

جاسم البدیوی نے کہا کہ خلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں اور اس کی سلامتی، خودمختاری اور مقدس مقامات کے تحفظ کے لیے کیے جانے والے اقدامات کی حمایت کرتے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button