محمد رضوان این سی سی آئی اے کے سامنے پیش، مبینہ جوئے کی تحقیقات میں اہم پیشرفت

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے) قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان مبینہ آن لائن بیٹنگ اور جوئے سے متعلق جاری تحقیقات کے سلسلے میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے سامنے پیش ہوگئے۔
این سی سی آئی اے نے رضوان کو موبائل فون کے فرانزک معائنے اور تحقیقات میں تعاون کے لیے طلب کیا تھا۔ ادارے کے نوٹس کے مطابق انہیں جمعہ 2 اکتوبر کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی تھی۔
میڈیا سے گفتگو کے دوران محمد رضوان نے تحقیقات سے متعلق سوالات کا جواب دینے سے گریز کیا۔ صحافی نے پوچھا کہ ان پر کس چیز کا الزام ہے تو رضوان نے مختصر جواب دیتے ہوئے کہا کہ این سی سی آئی اے سے پوچھیں۔
ذرائع کے مطابق این سی سی آئی اے رضوان سے ضبط کیے گئے موبائل فون کے فرانزک اور ڈیجیٹل تجزیے کے حوالے سے تعاون طلب کرے گی۔ رضوان اس سے قبل اپنے خطوط میں موبائل فون کی واپسی اور تحقیقات کی نوعیت سے متعلق تحریری وضاحت کا مطالبہ کر چکے ہیں۔
محمد رضوان کا کہنا ہے کہ ان کا موبائل فون 31 اگست کو انگلینڈ میں تحویل میں لیا گیا تھا اور انہوں نے اس کا پاس ورڈ بھی فراہم کیا تھا۔ ان کے مطابق 10 ستمبر کو این سی سی آئی اے کے سامنے پیشی کے دوران حکام نے فون تک رسائی حاصل کرکے پیغامات اور دیگر مواد کا جائزہ لیا تھا۔
این سی سی آئی اے کی تحقیقات میں آن لائن بیٹنگ اور جوئے سے متعلق الزامات کے علاوہ انگلینڈ کے دورے کے دوران مبینہ ڈریسنگ روم معلومات کے افشا اور مالی معاملات کا بھی ذکر سامنے آیا ہے، تاہم محمد رضوان کے خلاف کوئی حتمی الزام یا نتیجہ سرکاری طور پر سامنے نہیں آیا۔رضوان پہلے ہی این سی سی آئی اے سے پوچھ چکے ہیں کہ تحقیقات کس مخصوص الزام یا قانونی شق کے تحت جاری ہیں اور ان کا موبائل فون کب واپس کیا جائے گا۔



