برطانوی فیئر فورڈ واقعہ،برطانوی-ایرانی دوہری شہریت رکھنے والا شخص گرفتار

لندن (جانو ڈاٹ پی کے)برطانیہ میں انسدادِ دہشت گردی پولیس نے اہم فضائی اڈے RAF Fairford کے قریب مشتبہ سکیورٹی واقعے کی تحقیقات کے دوران برطانوی اور ایرانی دوہری شہریت رکھنے والے ایک شخص کو گرفتار کرلیا۔پولیس کے مطابق 27 سالہ شخص کو وسطی لندن سے دہشت گرد کارروائی کی تیاری کے شبہے میں حراست میں لیا گیا۔ اس کے علاوہ 26 سالہ ایک برطانوی شہری سے بھی احتیاطی قانونی طریقہ کار کے تحت پوچھ گچھ کی گئی۔

یہ پیش رفت اس واقعے کے چند روز بعد سامنے آئی ہے جس میں RAF Fairford کے قریب پانچ برطانوی شہریوں کو دہشت گردی اور دھماکا خیز مواد سے متعلق جرائم کے شبہے میں گرفتار کیا گیا تھا۔ بعد ازاں ان افراد کو پولیس ضمانت پر رہا کردیا گیا، تاہم تحقیقات جاری ہیں۔ انسدادِ دہشت گردی پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات انتہائی پیچیدہ ہیں اور تفتیش کار مختلف پہلوؤں کا جائزہ لے رہے ہیں، جن میں کسی غیر ملکی ریاست کے ممکنہ ملوث ہونے کا امکان بھی شامل ہے۔ تاہم حکام نے ابھی تک یہ واضح نہیں کیا کہ مشتبہ افراد مبینہ طور پر کیا کارروائی کرنا چاہتے تھے۔

پولیس کے مطابق ایئربیس کے قریب موجود تین گاڑیوں کی تلاشی کے دوران کوئی دھماکا خیز مواد نہیں ملا، تاہم پٹرول برآمد ہوا۔ گرفتار افراد پر تاحال اس واقعے کے سلسلے میں فردِ جرم عائد نہیں کی گئی۔

مزید خبریں

Back to top button