ربیکا خان کی سالگرہ پر بڑا اپ سیٹ، پانچ منزلہ کیک مہمانوں کے سامنے پہنچنے سے پہلے ہی گرگیا

کراچی (جانو ڈاٹ پی کے)پاکستانی ڈیجیٹل کری ایٹر اور ٹک ٹاکر ربیکا خان کی 22ویں سالگرہ کی تقریب میں اس وقت دلچسپ اور غیر متوقع صورتحال پیدا ہوگئی جب ان کا شاندار پانچ منزلہ کیک مہمانوں کے سامنے پیش کیے جانے سے پہلے ہی گرگیا۔ربیکا خان نے اپنی سالگرہ اہل خانہ، شوہر حسین ترین اور دوستوں کے ہمراہ مختلف تقریبات کے ذریعے منائی، تاہم مرکزی تقریب میں تیار کیا گیا پانچ منزلہ کیک سب کی توجہ کا مرکز بن گیا۔ شدید گرمی کے باعث کیک اپنی ساخت برقرار نہ رکھ سکا اور تقریب میں پیش کیے جانے سے قبل ہی زمین پر جاگرا۔ربیکا خان اور حسین ترین نے بعد ازاں اپنے وی لاگ میں واقعے کی وجہ بھی بتائی۔ ان کے مطابق کیک تقریب سے کافی دیر پہلے باہر رکھ دیا گیا تھا، جس کی وجہ سے شدید گرمی میں اس کی ساخت متاثر ہوئی اور بالآخر کیک گر گیا۔کیک تیار کرنے والے شخص نے بھی ایک الگ ویڈیو میں وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ جب کیک ان کے پاس تیار ہوا تھا تو وہ بالکل درست حالت میں تھا، تاہم انہیں یہ معلوم نہیں تھا کہ سالگرہ کی تقریب کھلی فضا میں منعقد کی جائے گی۔کراچی کی شدید گرمی، کیک کو تقریب سے پہلے باہر رکھنے اور اسے پیش کیے جانے اور کاٹنے کے درمیان طویل وقفے نے صورتحال مزید مشکل بنا دی، جس کے نتیجے میں پانچ منزلہ کیک سالگرہ کی تقریب کا حصہ بننے سے پہلے ہی گرگیا۔واقعے کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر بھی زیرِ بحث آگئیں، جبکہ ربیکا خان کی سالگرہ کی دیگر تقریبات میں اہل خانہ اور دوستوں نے بھرپور شرکت کی۔



