بالی ووڈ کا مقبول ترین چیٹ شو بند، ’کافی ود کرن‘ کا آخری سیزن سامنے آگیا

ممبئی (جانو ڈاٹ پی کے) بالی ووڈ کے معروف فلمساز کرن جوہر نے اپنے مقبول چیٹ شو ’کافی ود کرن‘ کو ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا، پروگرام کا نواں سیزن اس کا آخری سیزن ہوگا۔کرن جوہر کے مطابق وہ اپنے کیریئر کے اگلے 10 برس فلمیں بنانے اور نئی کہانیاں سنانے میں صرف کرنا چاہتے ہیں، اسی مقصد کے تحت انہوں نے بھاری دل کے ساتھ شو کے اختتام کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ ان کے لیے جذباتی ہونے کے ساتھ ساتھ ذاتی نوعیت بھی رکھتا ہے۔’کافی ود کرن‘ کا آغاز 2004 میں ہوا تھا اور پہلے سیزن کی افتتاحی قسط میں شاہ رخ خان اور کاجول نے شرکت کی تھی۔ بعد ازاں امیتابھ بچن، ابھیشیک بچن، ایشوریا رائے سمیت متعدد معروف بالی ووڈ شخصیات پروگرام کا حصہ بنیں۔گزشتہ 22 برس کے دوران شو بالی ووڈ شخصیات کی بے تکلف گفتگو، دوستیوں، محبت، شادی، علیحدگی اور مختلف انکشافات کے باعث بھی خبروں میں نمایاں رہا۔رپورٹ کے مطابق ’کافی ود کرن‘ کا نواں اور آخری سیزن 14 اکتوبر 2026 کو جیو ہاٹ اسٹار پر نشر کیا جائے گا۔



