نازش جہانگیر کا بڑا انکشاف، سوتیلی والدہ کے بارے میں ایسی بات کہہ دی کہ سب حیران رہ گئے

کراچی (جانو ڈاٹ پی کے) پاکستانی اداکارہ نازش جہانگیر نے سوتیلی ماؤں سے متعلق معاشرے میں پائے جانے والے عام تصور کو مسترد کرتے ہوئے اپنی سوتیلی والدہ کے ساتھ تعلق کے بارے میں اہم انکشاف کردیا۔
ایک حالیہ انٹرویو میں نازش جہانگیر نے اپنی نجی زندگی کے ایک حساس پہلو پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی حقیقی زندگی میں بھی ایک سوتیلی والدہ ہیں، تاہم وہ ان کے لیے محبت اور احترام کا جذبہ رکھتی ہیں۔
اداکارہ نے کہا کہ یہ ضروری نہیں کہ تمام سوتیلی مائیں بری ہوں، معاشرے میں سوتیلی ماں کے حوالے سے بہت سی کہانیاں اور تصورات بنائے گئے ہیں۔
نازش جہانگیر کے مطابق والدہ کے انتقال کے بعد ان کے والد نے دوسری شادی کی، جبکہ ان کی سوتیلی والدہ نے پورے خاندان کا نہایت اچھے انداز میں خیال رکھا اور ان کے والد کی بھی بھرپور دیکھ بھال کی۔
اداکارہ نے بتایا کہ ابتدا میں انہیں اس رشتے کو قبول کرنے میں کچھ وقت لگا، تاہم سوتیلی والدہ کے رویے نے انہیں یقین دلایا اور رفتہ رفتہ انہوں نے ان کے دل میں اپنی جگہ بنا لی۔
نازش جہانگیر نے مزید بتایا کہ ایک ڈرامے میں سوتیلی ماں کا کردار ادا کرتے ہوئے انہیں اپنی حقیقی زندگی سے بھی مماثلت محسوس ہوئی۔ اس دوران وہ اپنی سوتیلی والدہ کو فون کرکے کہتی تھیں کہ اب انہیں احساس ہوتا ہے کہ وہ کن حالات سے گزری ہوں گی۔
اداکارہ کی گفتگو نے سوتیلی ماں کے رشتے سے متعلق روایتی تصورات پر ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے، جبکہ نازش جہانگیر نے اپنی ذاتی زندگی کی مثال دیتے ہوئے اس رشتے کا ایک مختلف اور مثبت پہلو سامنے رکھا۔



