دبئی سے اسرائیل جانے والے طیارے میں پائلٹس کا جھگڑا،طیارہ ہنگامی صورتحال کے بعد سعودی عرب میں لینڈ کرگیا

دبئی (جانو ڈاٹ پی کے)دبئی سے تل ابیب جانے والے فلائی دبئی کے مسافر طیارے میں پائلٹس کے درمیان مبینہ لڑائی کے بعد ہائی جیکنگ کا کوڈ فعال ہوگیا، جس پر طیارے کا رخ تبدیل کرکے اسے سعودی عرب کے شہر تبوک میں اتار لیا گیا۔ طیارے میں 174 مسافر سوار تھے اور تمام مسافروں کے محفوظ ہونے کی اطلاع ہے۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق طیارہ دبئی سے تل ابیب کے بین گوریون ایئرپورٹ جا رہا تھا۔ اردن کی فضائی حدود میں داخل ہونے کے دوران طیارے سے پہلے 7700 کا ایمرجنسی کوڈ موصول ہوا، جس کے بعد 7500 کوڈ فعال کیا گیا، جو طیارے میں غیر قانونی مداخلت یا ممکنہ ہائی جیکنگ کی نشاندہی کرتا ہے۔

کوڈ فعال ہونے کے بعد طیارے نے اپنا رخ تبدیل کیا، سعودی فضائی حدود میں واپس داخل ہوا اور بالآخر تبوک ایئرپورٹ پر بحفاظت لینڈنگ کی۔ واقعے کے بعد اسرائیلی حکام نے صورتحال کا جائزہ لیا جبکہ طیارے کی پرواز کے حوالے سے سکیورٹی خدشات بھی پیدا ہوئے۔

ابتدائی اطلاعات میں بتایا گیا کہ ہنگامی صورتحال کا سبب کاک پٹ میں دونوں پائلٹس کے درمیان جھگڑا تھا۔ تاہم بعد کی اسرائیلی رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا کہ ایک پائلٹ نے مبینہ طور پر طیارے کو نقصان پہنچانے یا اسے گرانے کی کوشش کی، جسے دوسرے پائلٹ اور بعض مسافروں نے روکنے میں مدد کی۔ ان دعوؤں کی تحقیقات جاری ہیں اور واقعے کی حتمی وجوہات ابھی واضح نہیں ہوئیں۔

فلائی دبئی نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ طیارے میں ایک واقعہ پیش آیا اور اسے بحفاظت تبوک اتارا گیا۔ کمپنی کے مطابق مسافروں اور عملے کی حفاظت کو یقینی بنایا گیا۔

اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر نے بھی صورتحال کو قابو میں قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی مسافروں کو بحفاظت واپس اسرائیل پہنچانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button