ایف بی آر دفاتر اور بینک آج رات 10 بجے تک کھلے رکھنے کا فیصلہ

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) حکومتی ڈیوٹیز اور ٹیکسز کی بروقت وصولی یقینی بنانے کے لیے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے تمام متعلقہ دفاتر کے اوقات کار میں توسیع کردی۔
ایف بی آر کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق تمام ایل ٹی اوز، سی ٹی اوز اور آر ٹی اوز سمیت ان لینڈ ریونیو کے دفاتر آج رات 10 بجے تک کھلے رہیں گے، تاکہ ٹیکس دہندگان کو واجب الادا ڈیوٹیز اور ٹیکسز جمع کرانے میں سہولت فراہم کی جاسکے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ٹیکس دہندگان آج رات 10 بجے تک متعلقہ ٹیکس دفاتر میں اپنی ادائیگیاں جمع کراسکیں گے۔
دوسری جانب حکومتی ڈیوٹیز اور ٹیکسز کی وصولی کے لیے کمرشل بینکوں کے اوقات کار میں بھی توسیع کردی گئی ہے۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق تمام کمرشل بینکوں کی متعلقہ برانچز 30 ستمبر کو رات 10 بجے تک کھلی رہیں گی۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق بینکوں کے اوقات کار میں توسیع کا فیصلہ ایف بی آر کی درخواست پر ٹیکس دہندگان کی سہولت کے لیے کیا گیا ہے۔ بینکوں کو حکومتی ٹرانزیکشنز کے لیے خصوصی کلیئرنگ کے دوران ضرورت کے مطابق برانچز کھلی رکھنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
حکومتی ڈیوٹیز اور ٹیکسز کی آن لائن ادائیگی کے لیے ڈیجیٹل بینکنگ سہولیات بھی بلا تعطل جاری رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ انٹرنیٹ بینکنگ، موبائل ایپس، اے ٹی ایمز اور دیگر ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے ادائیگی کی سہولت دستیاب رہے گی۔
واضح رہے کہ ایف بی آر کی آسان ٹیکس اسکیم میں رجسٹریشن کا آج آخری روز بھی ہے، جس کے باعث ٹیکس دفاتر اور بینکوں کے اوقات کار میں توسیع کی گئی ہے۔



