پاک بحریہ نے کراچی میں سمندر برد ہونے والے کارگو طیارے کا بلیک باکس تلاش کر لیا


کراچی(جانوڈاٹ پی کے) شہر قائد میں جولائی کے دوران سمندر میں گر کر تباہ ہونے والے کے ٹو ایئرویز کے کارگو طیارے کے بلیک باکس کا مقام پاک بحریہ نے تلاش کر لیا۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق زیرِ آب طیارے کے ملبے اور بلیک باکس کی تلاش کے لیے گزشتہ دو ماہ سے وسیع پیمانے پر آپریشن جاری تھا، جس کے دوران سمندر میں تقریباً 3 ہزار 200 میٹر کی گہرائی میں بلیک باکس کے مقام کی نشاندہی کی گئی۔
پاک بحریہ کے مطابق بلیک باکس کا سراغ نیشنل انجینئرنگ اینڈ سائنٹیفک کمیشن (NESCOM) کے تیار کردہ خصوصی آلات کی مدد سے لگایا گیا۔ بلیک باکس کے مقام سے متعلق تمام معلومات بیورو آف ایئر سیفٹی انویسٹی گیشن کو فراہم کردی گئی ہیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ سمندر کی انتہائی گہرائی میں بلیک باکس کے مقام کی نشاندہی اپنی نوعیت کا پہلا آپریشن ہے۔ انتہائی مشکل اور پیچیدہ حالات کے باوجود طیارے کے بلیک باکس اور ملبے کی تلاش کا آپریشن مسلسل جاری رکھا گیا۔