لاہور میں سموگ کے خلاف کریک ڈاؤن تیز، 269 صنعتی یونٹس کی انسپیکشن، 11 سیل

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 158 ریکارڈ ہونے کے بعد پنجاب حکومت نے لاہور سمیت صوبے میں انسدادِ سموگ کارروائیاں مزید تیز کردی ہیں۔ شہر میں ہوا کی رفتار 2 سے 7 میل فی گھنٹہ ریکارڈ ہوئی جبکہ ہواؤں کا رخ جنوب سے شمال اور مشرق کی جانب رہا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر آلودگی کے مقامی ذرائع کے خلاف فیلڈ انفورسمنٹ، مانیٹرنگ اور روک تھام کا مربوط نظام فعال کردیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں ڈرون سکواڈ، نائٹ سکواڈ اور ہاک آئی فیلڈ سکواڈ بھی متحرک ہیں۔

حکومت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 269 صنعتی یونٹس کی انسپیکشن کی گئی، جن میں سے 11 یونٹس سیل، ایک کے خلاف مقدمہ درج اور مجموعی طور پر 12 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔

اینٹوں کے بھٹوں کے خلاف کارروائی کے دوران 431 بھٹوں کی جانچ کی گئی، 5 بھٹے مسمار، 9 سیل اور 9 مقدمات درج کیے گئے جبکہ 14 لاکھ روپے جرمانہ عائد ہوا۔

غیر معیاری پلاسٹک کے خلاف بھی کارروائیاں جاری رہیں، 309 مقامات کی انسپیکشن کے دوران 17 مقامات سیل کیے گئے اور 1297 کلوگرام پلاسٹک ضبط کیا گیا، جبکہ ایک لاکھ 48 ہزار روپے جرمانہ عائد ہوا۔

حکومت کے مطابق دھویں کے بڑے مقامی ذرائع کے خلاف کارروائی میں 245 باربی کیو اور کمرشل ککنگ پوائنٹس چیک کیے گئے، 55 مقامات پر سکشن ہڈز نصب جبکہ 34 مقامات سیل کیے گئے۔ گردوغبار پر قابو پانے کے لیے 1178 کلومیٹر سڑکوں پر پانی کا چھڑکاؤ کیا گیا، 44 مقامات پر کھلے تعمیراتی مواد کو ڈھانپنے کے انتظامات کرائے گئے اور روڈ شولڈرز کی مرمت کے 9 اقدامات کیے گئے۔

فصلوں کی باقیات جلانے کی روک تھام کے لیے پنجاب میں 2 لاکھ 15 ہزار سے زائد کسانوں سے رابطہ کیا گیا جبکہ 4 لاکھ 31 ہزار سے زائد کسانوں کی تربیت مکمل کی جاچکی ہے۔

حکومت کا کہنا ہے کہ 63 لاکھ 32 ہزار ایکڑ سے زائد رائس ایریا میں سے 6 لاکھ 38 ہزار ایکڑ سے زائد رقبے پر فصل کاشت ہوچکی ہے۔ 1259 کبوٹا مشینوں کے ذریعے 2 لاکھ 80 ہزار ایکڑ سے زائد جبکہ 187 بیلرز کے ذریعے تقریباً 89 ہزار ایکڑ فصلوں کی باقیات کا انتظام کیا گیا۔

سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ صاف ہوا، محفوظ ماحول اور بہتر صحت کے لیے سموگ کے ہر مقامی ذریعے کے خلاف کارروائی، آگاہی اور روک تھام کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے کسانوں اور شہریوں سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ فصلوں کی باقیات ماحول دوست طریقے سے تلف کی جائیں، جبکہ دھویں سے متعلق شکایات 1373 پر درج کرائی جائیں۔

مزید خبریں

Back to top button