ٹانک میں پٹوارخانے کو نشانہ بنانے کی کوشش ناکام، خودکش حملہ آور بارودی مواد پھٹنے سے ہلاک


ٹانک(جانوڈاٹ پی کے) خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک میں پٹوارخانے کو نشانہ بنانے کی کوشش کرنے والا فتنۃ الخوارج سے منسلک مبینہ خودکش حملہ آور راستے میں ہی بارودی مواد پھٹنے کے نتیجے میں ہلاک ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق دہشت گرد پٹوارخانے کی جانب جا رہا تھا کہ راستے میں اس کے پاس موجود بارودی مواد اچانک پھٹ گیا، جس کے نتیجے میں وہ ہلاک ہوگیا۔
دھماکے کی شدت کے باعث سرکاری پٹوارخانے سے ملحقہ 2 گھروں کو بھی نقصان پہنچا جبکہ دونوں گھروں کی دیواریں منہدم ہوگئیں۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعہ مبینہ طور پر بھتہ خوری کے تنازع سے بھی منسلک ہے اور دہشت گرد پٹوارخانے کو نشانہ بنانے کی کوشش کر رہا تھا۔
واقعے کے بعد سکیورٹی اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور شواہد اکٹھے کرنے کا عمل شروع کردیا۔ حکام کی جانب سے دھماکے کی نوعیت اور واقعے کے دیگر پہلوؤں کی تحقیقات جاری ہیں۔