ماسکو اور واشنگٹن میں ملاقات پر اتفاق، وقت اور مقام طے ہونا باقی

ماسکو (جانو ڈاٹ پی کے) روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے کہا ہے کہ روس اور امریکا کے درمیان دوطرفہ تعلقات میں موجود حل طلب اور اختلافی معاملات پر دونوں ممالک کے درمیان رابطے جلد متوقع ہیں، جبکہ ملاقات کے وقت اور مقام کا تعین کیا جا رہا ہے۔ماسکو ریجن کے شہر استرا میں والڈائی ڈسکشن کلب کے 23ویں سالانہ اجلاس کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سرگئی لاوروف نے کہا کہ روس اور امریکا کے درمیان اس معاملے پر ابھی براہِ راست رابطہ نہیں ہوا، تاہم دونوں فریق ملاقات پر متفق ہیں۔روسی وزیر خارجہ کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے ساتھ ہونے والی بات چیت میں اس بات پر اتفاق کیا گیا تھا کہ دونوں ممالک کے نمائندے دوطرفہ تعلقات میں موجود اختلافی اور حل طلب امور پر رابطہ کریں گے۔سرگئی لاوروف نے بتایا کہ روسی اور امریکی ماہرین مجوزہ رابطوں کے لیے مخصوص تاریخ اور مقام طے کریں گے، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان یہ رابطے مستقبل قریب میں متوقع ہیں۔



