جوز بٹلر پاکستان کے خلاف ٹرائی سیریز سے باہر، آسٹریلیا دورہ بھی مشکوک

لندن (جانو ڈاٹ پی کے) انگلینڈ کے اسٹار وکٹ کیپر بیٹر جوز بٹلر ہیمسٹرنگ انجری کے باعث آئندہ ماہ پاکستان میں ہونے والی ون ڈے ٹرائی سیریز سے باہر ہوگئے، جبکہ نومبر میں آسٹریلیا کے خلاف وائٹ بال سیریز میں ان کی شرکت بھی مشکوک ہوگئی ہے۔

بٹلر کو گزشتہ ہفتے سری لنکا کے خلاف ہیڈنگلے میں کھیلے گئے دوسرے ون ڈے کے دوران ہیمسٹرنگ انجری ہوئی تھی۔ وہ ابتدائی طور پر ریٹائرڈ ہرٹ ہوئے تاہم بعد میں دوبارہ بیٹنگ کے لیے میدان میں آئے۔ انجری کے باعث وہ سری لنکا کے خلاف تیسرے ون ڈے میں بھی شریک نہیں ہوئے۔

انگلینڈ کے وائٹ بال کوچ برینڈن میک کولم نے تصدیق کی ہے کہ بٹلر پاکستان کے خلاف ٹرائی سیریز کا حصہ نہیں ہوں گے۔ پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان ون ڈے ٹرائی سیریز 18 سے 31 اکتوبر تک راولپنڈی اور لاہور میں شیڈول ہے۔

بٹلر کی غیر موجودگی میں جارڈن کاکس کو وکٹ کیپنگ اور مڈل آرڈر میں طویل موقع ملنے کا امکان ہے۔ کاکس نے سری لنکا کے خلاف اوول میں تیسرے ون ڈے میں بٹلر کی جگہ کھیلتے ہوئے 52 گیندوں پر 76 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔

میک کولم نے کہا کہ بٹلر کا پاکستان نہ آنا مایوس کن ہے، تاہم اس صورتحال سے انگلینڈ کو اپنی ٹیم کی گہرائی جانچنے کا موقع ملے گا۔ ان کے مطابق اگلے 14 ماہ میں انجریز اور شیڈولنگ جیسے مسائل سامنے آسکتے ہیں، اس لیے ورلڈ کپ سے قبل مختلف کھلاڑیوں کو آزمانا ضروری ہے۔

انگلینڈ کا پاکستان کے بعد نومبر میں آسٹریلیا کا وائٹ بال دورہ بھی شیڈول ہے، جس میں تین ون ڈے اور پانچ ٹی20 میچز شامل ہیں۔ بٹلر کی آسٹریلیا سیریز کے لیے دستیابی فی الحال واضح نہیں۔

مزید خبریں

Back to top button