محمد رضوان کے کیس میں نیا موڑ،این سی سی آئی اے کے مطابق فون فرانزک پر تعاون نہیں کیا جارہا

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے) قومی کرکٹر محمد رضوان کے حوالے سے این سی سی آئی اے کی انکوائری میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ ذرائع کے مطابق محمد رضوان سے موبائل فون کے فرانزک ڈیپ اینالیسس کے لیے متعدد مرتبہ رابطہ کیا گیا، تاہم ان کی جانب سے مطلوبہ تعاون نہ کیے جانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق فون کا اینٹی تھیفٹ لاک اور فیشل ریکگنیشن لاک کھولنا فرانزک تجزیے کے لیے ضروری ہے۔ این سی سی آئی اے مختلف تکنیکی ٹولز کے ذریعے فون ان لاک کرسکتی ہے، تاہم حکام مبینہ طور پر ایسے طریقے سے گریز کرنا چاہتے ہیں جس سے فون کا کوئی ڈیٹا متاثر یا ڈیلیٹ ہوسکتا ہو۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ این سی سی آئی اے 28 ستمبر کو محمد رضوان سے دوبارہ رابطہ کرے گی، جبکہ تعاون نہ ہونے کی صورت میں تحریری نوٹس اور قانونی کارروائی کا راستہ اختیار کیا جاسکتا ہے۔

ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ انکوائری میں آن لائن بیٹنگ، کرپشن اور دیگر مبینہ مجرمانہ سرگرمیوں سمیت مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ تاہم ذرائع کے مطابق تفتیش مکمل ہونے تک کسی پر الزام عائد کرنا مقصد نہیں۔

دوسری جانب قومی کرکٹر امام الحق این سی سی آئی اے کی تفتیش میں تعاون کر رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ان کے موبائل فون کا فرانزک ڈیپ اینالیسس ان کی موجودگی میں شروع کیا گیا ہے اور اسے جلد مکمل کرنے کی توقع ہے۔

ذرائع کے مطابق این سی سی آئی اے کا مؤقف ہے کہ محمد رضوان کو بھی امام الحق کی طرح تفتیش میں مطلوبہ تعاون کرنا چاہیے۔

مزید خبریں

Back to top button