ایئر پوڈز کی صفائی: آسان اور محفوظ طریقے

راجہ نوید
کیا آپ کے ایئر پوڈز بھی وقت کے ساتھ گندے اور بھدے ہو گئے ہیں؟ گرد و غبار اور میل صرف آواز کو خراب نہیں کرتی بلکہ کان میں انفیکشن کا خطرہ بھی بڑھا دیتی ہے۔ تو آئیے جانتے ہیں کہ انہیں گھر بیٹھے کیسے صاف کیا جائے:
ایئر پوڈز کی صفائی کیسے کریں؟
نرم کپڑا لیں: ایک خشک اور نرم کپڑا (جیسے مائیکرو فائبر) لیں۔ زیادہ گندگی ہو تو کپڑے کو ہلکا سا گیلا کریں یا اس پر تھوڑی سی الکوحل لگائیں۔ لیکن خیال رہے کہ پانی یا الکوحل سوراخوں کے اندر نہ جائے۔
جالی کی صفائی: آواز والی جالی بہت نازک ہوتی ہے۔ اسے سوئی یا نوکیلی چیز سے صاف نہ کریں، ورنہ جالی پھٹ سکتی ہے۔ اس کے لیے نرم اور خشک ٹوتھ برش استعمال کریں اور ہلکے ہاتھ سے صاف کریں۔
سلیکون ٹپس (صرف پرو ماڈل): اگر آپ کے پاس پرو ماڈل ہے تو ربڑ والی سلیکون ٹپس نکال لیں۔ انہیں صرف پانی سے دھوئیں (صابن نہ لگائیں) اور واپس لگانے سے پہلے اچھی طرح سکھا لیں۔
چارجنگ کیس کی صفائی
باہر سے: کیس کے باہر والے حصے کو ہلکے گیلے کپڑے سے صاف کریں اور پھر سوکھے کپڑے سے پونچھ لیں۔
اندر سے: کیس کے اندر کی گندگی صاف کرنے کے لیے خشک اور باریک کاٹن بڈ استعمال کریں۔
دھاتی پوائنٹس: چارجنگ والے دھاتی پوائنٹس کو صاف کرتے وقت بہت احتیاط کریں اور کوئی سخت چیز اندر نہ گھسائیں۔
ضروری احتیاطی تدابیر
پانی میں نہ ڈبوئیں: ایئر پوڈز یا کیس کو پانی میں نہ دھوئیں اور نہ ڈبوئیں۔
مکمل خشک کریں: صفائی کے فوراً بعد استعمال نہ کریں، کم از کم دو گھنٹے کھلی ہوا میں رکھیں تاکہ اندر سے بالکل خشک ہو جائیں۔
ان آسان طریقوں پر عمل کریں اور اپنے ایئر پوڈز کو لمبے عرصے تک نئے جیسے رکھیں۔



