نواز شریف کا نومنتخب صدر آزاد کشمیر سے رابطہ، بڑا پیغام دے دیا

مظفرآباد (جانو ڈاٹ پی کے)مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف نے آزاد جموں و کشمیر کے نومنتخب صدر ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان کو ٹیلی فون کرکے منصب صدارت سنبھالنے پر مبارکباد دی اور ان کے انتخاب کو آزاد کشمیر کے لیے نیک شگون قرار دیا۔نواز شریف نے امید ظاہر کی کہ صدر آزاد کشمیر ڈاکٹر محمد نجیب نقی، وزیراعظم آزاد کشمیر اور کابینہ کے ارکان ایک ٹیم کی صورت میں مل کر خطے کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کام کریں گے۔انہوں نے کہا کہ وہ بہت جلد وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کے ہمراہ آزاد کشمیر کا دورہ کریں گے اور حکومت کی جانب سے کیے گئے وعدوں کی تکمیل کے حوالے سے صورتحال کا جائزہ لیں گے۔اس موقع پر صدر آزاد کشمیر ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان نے نواز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر حکومت ان کے وژن اور رہنمائی کے مطابق عوام سے کیے گئے وعدوں کی تکمیل کے لیے بھرپور اقدامات کرے گی۔ڈاکٹر محمد نجیب نقی نے کہا کہ حکومت آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گی۔ وزیراعظم شہباز شریف بھی ڈاکٹر نجیب نقی کے انتخاب پر مبارکباد دیتے ہوئے وفاقی حکومت کی جانب سے آزاد کشمیر کی ترقی اور عوامی خوشحالی کے لیے تعاون جاری رکھنے کا عزم ظاہر کر چکے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button