عالمی نظام پر سوالیہ نشان! پوپ لیو نے بین الاقوامی مذاکرات کو ’تماشا‘ بننے سے خبردار کردیا

پیرس (جانو ڈاٹ پی کے) پوپ لیو نے اقوام متحدہ اور دیگر کثیر ملکی عالمی اداروں کو بحران کا شکار قرار دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ بین الاقوامی مذاکرات محض ایک ’تماشا‘ بننے کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔رائٹرز کے مطابق پوپ لیو نے جمعہ کو پیرس میں اقوام متحدہ کے ثقافتی و تعلیمی ادارے یونیسکو کے ہیڈکوارٹرز میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پر کثیر ملکی ادارے مؤثر کردار ادا کرنے کے حوالے سے بحران سے گزر رہے ہیں۔پوپ لیو نے کہا کہ مذاکرات کو امن کے لیے وسیلہ سمجھنے کے بجائے بعض اوقات کارروائی کی راہ میں رکاوٹ تصور کیا جاتا ہے، جس سے عالمی سطح پر مشترکہ مفاد کے حصول کی کوششیں متاثر ہوتی ہیں۔انہوں نے عالمی رہنماؤں کی جانب سے قانون کی حکمرانی کا احترام نہ کرنے پر بھی تشویش کا اظہار کیا، تاہم کسی مخصوص رہنما یا ملک کا نام نہیں لیا۔پوپ لیو نے کہا کہ طاقتور حلقے قانون کو اس وقت استعمال کرتے ہیں جب وہ ان کے مفادات کے مطابق ہو اور جب قانون ان پر پابندی عائد کرے تو اسے نظرانداز کردیا جاتا ہے۔امریکا سے تعلق رکھنے والے پہلے پوپ لیو اس وقت فرانس کے دورے پر ہیں، جبکہ نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا اجلاس بھی جاری ہے۔ ان کے چار روزہ دورے میں پیرس کے علاوہ لوردز اور میٹز کے دورے بھی شامل ہیں۔پوپ لیو نے مصنوعی ذہانت کے بڑھتے ہوئے اثرات پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دنیا پر زور دیا کہ وہ اس ٹیکنالوجی کی ترقی کے حوالے سے انسانی اقدار اور اخلاقی اصولوں کو مرکزی حیثیت دے۔

مزید خبریں

Back to top button