اوورسیز پاکستانیوں کے لیے بڑا اعلان، ترسیلات بھیجنے پر سالانہ 16 ارب روپے کے انعامات

کراچی (جانو ڈاٹ پی کے)بینک دولتِ پاکستان کے گورنر جمیل احمد نے ’’پاسبان ریمی ٹینس ریوارڈ‘‘ اسکیم کا افتتاح کردیا، جس کے تحت بینکاری ذرائع سے پاکستان ترسیلاتِ زر بھیجنے والے صارفین کو ہر سال مجموعی طور پر 16 ارب روپے کے نقد انعامات دیے جائیں گے۔

مارکیٹ کی بنیاد پر انعامات دینے والی یہ اسکیم پاکستان بینکس ایسوسی ایشن (پی بی اے) کے زیرِ اہتمام اور اسٹیٹ بینک کی سرپرستی میں شروع کی گئی ہے۔ اسکیم کے تمام اخراجات بینکاری صنعت برداشت کرے گی اور اس پر قومی خزانے سے کوئی رقم خرچ نہیں ہوگی۔

اس اسکیم کا بنیادی مقصد بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو ترسیلاتِ زر پاکستان بھیجنے کے لیے بینکاری سمیت باضابطہ ذرائع کے استعمال کی مزید ترغیب دینا ہے، تاکہ ملک میں ترسیلاتِ زر کے رسمی نظام کو فروغ دیا جاسکے۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے کہا کہ اسٹیٹ بینک اور حکومت گزشتہ چند ماہ سے پاکستان بینکس ایسوسی ایشن کے ساتھ مل کر اس اسکیم کی تیاری پر کام کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ اسکیم خود انحصاری اور مارکیٹ کی بنیاد پر کام کرے گی، جس کا مقصد بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو اپنی ترسیلات باضابطہ بینکاری ذرائع سے وطن بھیجنے میں سہولت اور ترغیب فراہم کرنا ہے۔

جمیل احمد کا کہنا تھا کہ بیرونِ ملک پاکستانی کارکنوں کی ترسیلات ملک بھر میں لاکھوں خاندانوں کے لیے آمدنی کا بنیادی ذریعہ ہیں۔ انہی ترسیلات سے گھریلو اخراجات، تعلیم اور صحت کی ضروریات پوری کرنے کے ساتھ ساتھ سرمایہ کاری اور معاشی مواقع کے لیے بھی وسائل فراہم ہوتے ہیں۔

اس اسکیم کے ذریعے بینکاری ذرائع سے ترسیلاتِ زر بھیجنے والے صارفین کو ان کی خدمات کے اعتراف میں نقد انعامات دیے جائیں گے۔

مزید خبریں

Back to top button