پی ٹی آئی نے پولیس کو ٹائیگر فورس بنانے کی کوشش کی، گورنر خیبر پختونخوا

پشاور (جانو ڈاٹ پی کے)گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبائی حکومت اور پاکستان تحریک انصاف کی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ پی ٹی آئی نے خیبر پختونخوا پولیس کو سیاسی فورس بنانے کی کوشش کی۔

پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس دہشت گردی کے خلاف مسلسل قربانیاں دے رہی ہے، اس لیے پولیس کو سیاسی دباؤ سے آزاد رکھتے ہوئے اس کے فرائض اور اختیارات کا تحفظ ضروری ہے۔

گورنر نے صوبائی حکومت پر زور دیا کہ وہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے اور عوامی مسائل پر توجہ دے۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا پولیس کی تنخواہیں دیگر صوبوں کے مقابلے میں کم ہیں، اگر فوری طور پر تنخواہوں میں اضافہ ممکن نہیں تو انہیں دیگر صوبوں کے برابر کیا جائے۔فیصل کریم کنڈی نے خیبر پختونخوا پولیس ایکٹ 2026 پر بھی اعتراضات کا اظہار کیا۔ حالیہ رپورٹوں کے مطابق صوبائی کابینہ اس مجوزہ قانون کی منظوری دے چکی ہے، جس میں پولیس کے انتظامی معاملات، اعلیٰ افسران کی تقرری و تبادلوں اور پولیس پالیسی میں صوبائی حکومت کے کردار میں اضافے کی تجاویز شامل ہیں۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ مجوزہ قانون کے ذریعے پولیس کو صوبائی حکومت کے زیادہ تابع کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے اور کہا کہ وہ اس نوعیت کی قانون سازی کے خلاف اپنا مؤقف پیش کریں گے۔گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کے ساتھ صحت اور روزگار کے مسائل پر بھی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ ان کے مطابق اسپتالوں کے نظام اور ڈاکٹرز کے مسائل حل کیے جانے چاہئیں جبکہ نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنا ضروری ہے۔

مزید خبریں

Back to top button