دیامر بھاشا ڈیم میں بڑا سنگِ میل، گینی سے پوزولان میٹریل کی منتقلی شروع

 دیامر (جانو ڈاٹ پی کے) دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر میں اہم پیش رفت سامنے آگئی، گینی کے مقام سے مین ڈیم کی تعمیر میں استعمال ہونے والے پوزولان میٹریل کی نکاسی اور منتقلی کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا۔

پوزولان میٹریل کو پراسیسنگ کے بعد مین ڈیم کے رولر کمپیکٹڈ کنکریٹ (RCC) ورکس میں استعمال کیا جائے گا۔ واپڈا کے مطابق دیامر بھاشا ڈیم کا مین ڈیم RCC ٹیکنالوجی پر تعمیر کیا جا رہا ہے اور اس مرحلے کی تکمیل تعمیراتی کام کو مزید آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔مین ڈیم پر RCC بچھانے کا عمل جلد شروع کیے جانے کی تیاری ہے۔ چیئرمین واپڈا اور چیف سیکریٹری گلگت بلتستان کی ہدایات پر گینی سے پوزولان میٹریل نکالنے اور اسے تعمیراتی مقام تک منتقل کرنے کے لیے ضروری انتظامات مکمل کیے گئے۔

پوزولان میٹریل کی فراہمی کو مین ڈیم کی تعمیر کے اگلے مرحلے کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں گینی سے میٹریل کی نکاسی اور منتقلی کے عمل کا جائزہ بھی لیا گیا، جبکہ پراجیکٹ مینجمنٹ اور ضلعی انتظامیہ نے تعمیراتی سرگرمیوں کی رفتار مزید تیز کرنے کے لیے باہمی رابطہ اور تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔

مقامی عمائدین اور علمائے کرام نے بھی دیامر بھاشا ڈیم کی تکمیل کے لیے بھرپور تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

واپڈا کے مطابق دیامر بھاشا ڈیم دریائے سندھ پر چلاس سے تقریباً 40 کلومیٹر نیچے تعمیر کیا جا رہا ہے۔ منصوبے کی مجموعی بلندی 272 میٹر، پانی ذخیرہ کرنے کی مجموعی صلاحیت 8.1 ملین ایکڑ فٹ اور نصب شدہ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت 4,500 میگاواٹ ہے۔

مزید خبریں

Back to top button