ایشین گیمز میں ہانگ کانگ اور نیپال کی بڑی کامیابیاں، عمان اور افغانستان کو شکست

 نشین (جانو ڈاٹ پی کے) ایشین گیمز کے مینز کرکٹ ایونٹ میں ہانگ کانگ نے عمان جبکہ نیپال نے افغانستان کو شکست دے کر اہم کامیابیاں سمیٹ لیں۔گروپ بی کے میچ میں ہانگ کانگ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 121 رنز بنائے۔ حفیظ خان 33 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ عمان کی جانب سے محمد البلوشی نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ہدف کے تعاقب میں عمان کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 80 رنز ہی بنا سکی اور ہانگ کانگ نے 41 رنز سے کامیابی حاصل کی۔ عمان کے کپتان سفیان محمود نے 35 گیندوں پر 26 جبکہ عبدالجلیل نے 28 گیندوں پر 15 رنز بنائے اور دونوں ناٹ آؤٹ رہے۔ہانگ کانگ کی جانب سے آیوش شکلا نے 3 جبکہ محمد غضنفر نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

دوسرے میچ میں گروپ اے سے افغانستان اور نیپال کی ٹیمیں مدمقابل ہوئیں۔ افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 102 رنز بنائے۔ فیصل خان احمدزئی اور نجیب اللہ زادران نے 30، 30 رنز بنائے۔

نیپال کی جانب سے کوشل بھورٹیل نے 4 جبکہ للت راجبنشی نے 3 وکٹیں حاصل کرکے افغانستان کو بڑا مجموعہ بنانے سے روک دیا۔

103 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیپال نے 17.2 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کرلیا۔ سندیپ جورا نے 35 گیندوں پر 34 رنز بنائے جبکہ روہت پوڈیل 32 گیندوں پر 33 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔ نیپال نے افغانستان کو 5 وکٹوں سے شکست دی۔

گروپ مرحلے کے آخری میچز 26 ستمبر کو کھیلے جائیں گے، جن میں جاپان کا مقابلہ نیپال اور ملائیشیا کا مقابلہ عمان سے ہوگا۔ دونوں گروپس کی ٹاپ دو ٹیمیں کوارٹر فائنل میں پہنچیں گی، جہاں ان کا مقابلہ پاکستان، بھارت، سری لنکا اور بنگلادیش سے ہوگا۔

مزید خبریں

Back to top button