25سال پرانا عدالتی فیصلہ،عملدرآمد نہ ہونے پر بڑے افسران کے قابلِ ضمانت وارنٹ

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) سول کورٹ نے سال 2000 کے عدالتی فیصلے پر عملدرآمد نہ ہونے پر چیئرمین سی ڈی اے اور کمشنر اسلام آباد کے قابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔سول جج نصیر الدین نے درخواست گزار محمد رشید کی جانب سے ڈگری پر عملدرآمد کے لیے دائر درخواست کی سماعت کی۔ درخواست گزار کے مطابق عدالت نے سال 2000 میں ان کے حق میں ڈگری جاری کی تھی، جس کے خلاف معاملہ سپریم کورٹ تک پہنچا تاہم وہاں بھی درخواست گزار کے حق میں فیصلہ برقرار رہا۔درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ زمین ایکوائر کیے جانے کے باوجود بحالی اور ری ہیبیلیٹیشن پالیسی کے تحت انہیں تاحال معاوضہ ادا نہیں کیا گیا، جبکہ عدالتی ڈگری پر بھی مکمل عملدرآمد نہیں ہوسکا۔درخواست گزار کی جانب سے بیرسٹر حسنین حیدر تھہیم عدالت میں پیش ہوئے اور مؤثر و مکمل عملدرآمد کرانے کی استدعا کی۔عدالت نے فیصلے پر عملدرآمد نہ ہونے پر چیئرمین سی ڈی اے اور کمشنر اسلام آباد کے قابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو عدالتی ڈگری پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔عدالتی کارروائی کے نتیجے میں طویل عرصے سے زیرِ التوا فیصلے پر عملدرآمد کا معاملہ ایک بار پھر توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔



