5روزکی مسلسل کمی کے بعد سونے کی قیمت میں بڑا اضافہ،فی تولہ4ہزار700روپے مہنگا

کراچی (جانو ڈاٹ پی کے) ملک بھر میں 5 روز کی مسلسل کمی کے بعد سونے کی قیمت میں آج نمایاں اضافہ ہوگیا، فی تولہ سونا 4 ہزار 700 روپے مہنگا ہوگیا۔
آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق 4 ہزار 700 روپے اضافے کے بعد فی تولہ سونے کی قیمت 4 لاکھ 53 ہزار 36 روپے ہوگئی ہے۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 4 ہزار 29 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد 10 گرام سونا 3 لاکھ 88 ہزار 404 روپے کا ہوگیا۔
عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں اضافہ دیکھا گیا۔ عالمی سطح پر سونے کی قیمت 47 ڈالر اضافے کے بعد 4 ہزار 305 ڈالر فی اونس تک پہنچ گئی، جس کے اثرات پاکستان کی مقامی صرافہ مارکیٹ پر بھی پڑے۔دوسری جانب فی تولہ چاندی کی قیمت میں 126 روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد چاندی 6 ہزار 963 روپے فی تولہ ہوگئی۔عالمی مارکیٹ کے اعداد و شمار کے مطابق اسپاٹ گولڈ کی قیمت 0.2 فیصد اضافے سے 4,288.36 ڈالر فی اونس ہوگئی، تاہم رواں ہفتے مجموعی طور پر سونے کی قیمت میں تقریباً 2 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ امریکی گولڈ فیوچرز 0.6 فیصد اضافے کے بعد 4,323.10 ڈالر فی اونس پر پہنچ گئے۔عالمی مارکیٹ میں چاندی 0.1 فیصد کمی سے 63.81 ڈالر، پلاٹینم 0.5 فیصد اضافے سے 1,756.90 ڈالر جبکہ پیلاڈیم 1.3 فیصد کمی کے بعد 1,257.56 ڈالر فی اونس پر آگیا۔ماہرین کے مطابق جغرافیائی سیاسی کشیدگی اور بڑھتے ہوئے سرکاری قرضوں کے باعث سونے کی بطور محفوظ سرمایہ کاری طلب برقرار رہنے کی توقع ہے۔



