کاکروچ جنتا پارٹی نے چیف الیکشن کمشنر کو مستعفی ہونے کیلئے 48 گھنٹوں کا الٹی میٹم دیدیا

نیودہلی(جانوڈاٹ پی کے)بھارت کی ‘کاکروچ جنتا پارٹی’ نے وارننگ دی ہے کہ اگر بھارت کے چیف الیکشن کمشنر نے 48 گھنٹوں کے اندر استعفیٰ نہ دیا تو وہ ملک گیر احتجاج شروع کر دیں گے۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق یہ الٹی میٹم ایک اخباری رپورٹ کے بعد سامنے آیا ہے جس میں انکشاف کیا گیا تھا کہ ووٹر لسٹوں میں تبدیلیوں پر ان کے ماتحت افسران نے اعتراضات اٹھائے تھے۔
اپوزیشن جماعتوں کا الزام ہے کہ ووٹر لسٹوں میں مبینہ طور پر ردوبدل کیا گیا ہے تاکہ وزیر اعظم نریندر مودی کی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کو الیکشن میں فائدہ پہنچایا جاسکے۔
ایک بھارتی اخبار نے اپنی ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ دو الیکشن کمشنرز نے گزشتہ 10 ماہ کے دوران کم از کم 14 مرتبہ چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے سامنے ووٹر لسٹوں کو اپ ڈیٹ کرنے کے عمل کے حوالے سے سوالات اٹھائے یا اپنے تحفظات کا اظہار کیا تھا۔
اخبار کے مطابق اعتراضات نئے ووٹرز کے اندراج اور ووٹرز کے نام فہرست سے نکالنے اور دوبارہ شامل کرنے کے طریقہ کار سے متعلق تھے۔
دونوں کمشنرز نے نئے ووٹرز کے لیے آن لائن فارم 6 میں کی گئی تبدیلی پر بھی اعتراض کیا تھا، فارم میں پوچھا گیا تھا کہ آیا نئے ووٹر، ان کے والدین یا دادا دادی کا نام پرانی ووٹر فہرست میں موجود تھا یا نہیں۔
رپورٹ کے مطابق سوال کو لازمی ظاہر کرنے کا نشان موجود نہیں تھا تاہم آن لائن سسٹم میں ایسی شرط رکھی گئی تھی کہ جواب دیے بغیر فارم آگے نہیں بڑھ سکتا تھا۔ معترض الیکشن کمشنرز کا کہنا تھا کہ فارم 6 میں اس طرح کی تبدیلی کے لیے متعلقہ قانون میں ترمیم ضروری ہے۔
اس رپورٹ کے بعد کاکروچ جنتا پارٹی کے سربراہ ابھیجیت ڈِپکے نے ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ’اگر گیانیش کمار نے 48 گھنٹوں کے اندر استعفیٰ نہ دیا تو کاکروچ جنتا پارٹی ملک گیر احتجاجی تحریک شروع کرے گی۔۔۔ ہم گیانیش کمار کے استعفے کے بغیر ہرگز پیچھے نہیں ہٹیں گے‘۔



