راولپنڈی میں پولیو ٹیم پر مبینہ حملہ،5دفعات کے تحت مقدمہ درج

راولپنڈی(جانو ڈاٹ پی کے)تھانہ ریس کورس کی حدود میں پولیو ٹیم پر مبینہ حملے کا مقدمہ ہیلتھ انسپکٹر کی مدعیت میں درج کرلیا گیا، پولیس نے مقدمے میں 5 دفعات شامل کی ہیں۔مقدمے کے متن کے مطابق محکمہ صحت کی پولیو ٹیم گلی نمبر 125 میں اپنی ڈیوٹی انجام دے رہی تھی کہ پولیو سے متعلق سوال پوچھنے پر ایک بااثر شخص نے اپنی والدہ کے ہمراہ ٹیم سے مبینہ طور پر بدتمیزی شروع کردی۔ایف آئی آر کے مطابق ملزمان نے پولیو ٹیم کو دھمکیاں دیں اور گالم گلوچ کی، جبکہ تین افراد نے اپنی والدہ کے ہمراہ پولیو ٹیم کے ارکان پر مبینہ طور پر تشدد بھی کیا۔مقدمے کے متن میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ حملہ آوروں نے ہیلتھ انسپکٹر کو بھی نشانہ بنایا اور سرکاری کاغذات پھاڑ دیے۔ہیلتھ انسپکٹر نے پولیس سے ملزمان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی استدعا کی ہے۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے مزید کارروائی شروع کردی ہے۔



