اسرائیلی الیکشن کمیٹی نے دو بڑی عرب جماعتوں کو انتخابات سے روکدیا

مقبوضہ بیت المقدس (جانو ڈاٹ پی کے)اسرائیل کی مرکزی الیکشن کمیٹی نے 27 اکتوبر کو ہونے والے عام انتخابات سے قبل عرب اکثریتی جماعتوں رعام اور جوائنٹ لسٹ کو انتخاب لڑنے سے روکنے کا فیصلہ کرلیا۔رپورٹس کے مطابق رعام کی سربراہی منصور عباس جبکہ جوائنٹ لسٹ میں حدش، تعال اور بلد جماعتیں شامل ہیں۔ مرکزی الیکشن کمیٹی نے دونوں انتخابی فہرستوں کے خلاف دائر درخواستوں پر سماعت کے بعد انہیں نااہل قرار دیا۔رعام کے خلاف درخواستیں وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کی جماعت لیکوڈ، اوتسما یہودیت اور دیگر گروہوں کی جانب سے دائر کی گئی تھیں، جن میں جماعت پر اسرائیل کی ریاستی حیثیت سے متعلق قانونی شرائط کی خلاف ورزی اور مسلح جدوجہد کی حمایت سمیت مختلف الزامات عائد کیے گئے۔ متعلقہ جماعتوں نے ان الزامات کو مسترد کیا ہے۔مرکزی الیکشن کمیٹی نے جوائنٹ لسٹ کے امیدوار عوفر کاسیف اور بلد کے سربراہ سامی ابو شہادہ کو بھی انتخابات میں حصہ لینے سے روکنے کا فیصلہ کیا ہے۔ عوفر کاسیف کے خلاف فیصلہ 19-5 ووٹوں سے جبکہ سامی ابو شہادہ کے خلاف فیصلہ 31-4 ووٹوں سے ہوا۔رعام اور جوائنٹ لسٹ کے خلاف کمیٹی کے فیصلے 18-5 ووٹوں سے منظور ہوئے، تاہم یہ فیصلے حتمی نہیں ہیں۔ متاثرہ جماعتیں اور امیدوار سپریم کورٹ سے رجوع کرسکتے ہیں، جہاں ان فیصلوں کا قانونی جائزہ لیا جائے گا۔اسرائیل میں 27 اکتوبر 2026 کو ہونے والے عام انتخابات میں ان فیصلوں کا حتمی اثر سپریم کورٹ کے فیصلے سے واضح ہوگا۔

مزید خبریں

Back to top button