’’ادھر ہم، ادھر تم‘‘ کا نعرہ لگا کر ملک کو تقسیم کس نے کیا؟ ایم کیو ایم

کراچی (جانو ڈاٹ پی کے) شرجیل انعام میمن کے الزامات پر ایم کیو ایم پاکستان کے ترجمان نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’’ادھر ہم، ادھر تم‘‘ کا نعرہ لگا کر ملک کو تقسیم کس نے کیا، یہ تاریخ کا حصہ ہے۔
ترجمان ایم کیو ایم پاکستان نے کہا کہ سندھ کو دیہی اور شہری بنیادوں پر تقسیم کرنے والے اپنے گریبانوں میں جھانکیں، شرجیل میمن ماضی کے الزامات دہرانے کے بجائے سندھ حکومت کی 18 سالہ کارکردگی کا حساب دیں۔
ٹی وی سرویزسےفرق نہیں پڑتا،سندھ کی تقسیم کسی صورت قبول نہیں،شرجیل میمن کا دوٹوک اعلان
انہوں نے کہا کہ صوبے اور شہر کے عوام کے مسائل کا جواب ماضی کی کہانیاں سنا کر نہیں دیا جاسکتا، انتظامی اختیارات اور وسائل کا مطالبہ کسی زبان یا قومیت کے خلاف نہیں بلکہ محروم عوام کا حق ہے۔ترجمان نے سوال اٹھایا کہ کراچی کو وسائل، اختیارات اور روزگار سے محروم رکھنے کی ذمہ داری کس پر عائد ہوتی ہے، شرجیل میمن اس کا جواب دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت یہ بھی بتائے کہ کراچی سے حاصل ہونے والے وسائل کے مقابلے میں شہر پر کتنا خرچ کیا گیا۔ایم کیو ایم ترجمان نے کہا کہ لسانیت کا الزام لگا کر محروم لوگوں کے بنیادی انسانی حقوق کے مطالبے کو دبایا نہیں جاسکتا۔ سندھ حکومت کو ایم کیو ایم کے مطالبات سے اختلاف ہے تو الزامات کے بجائے دلیل، اعداد و شمار اور زمینی حقائق کی بنیاد پر جواب دیا جائے۔ترجمان نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم نفرت اور تقسیم کی سیاست نہیں بلکہ اختیارات کی منصفانہ تقسیم اور شہری حقوق کی بات کررہی ہے۔



