ریفائنری سیکٹر میں6ارب ڈالر سرمایہ کاری کی راہ ہموار
پارکو بھی جلد ریفائنری اپ گریڈیشن معاہدے کا حصہ بن جائے گی

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) برسوں کے انتظار کے بعد پاکستان میں ریفائنری اپ گریڈیشن کا اہم مرحلہ طے پاگیا، انٹر اسٹیٹ گیس سسٹم (ISGS) اور ملک کی بڑی ریفائنری کمپنیوں کے درمیان معاہدے پر دستخط ہوگئے۔اٹک ریفائنری، نیشنل ریفائنری، پاکستان ریفائنری اور سنرجیکو نے اس اہم پیشرفت سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو آگاہ کردیا ہے۔معاہدے کے تحت ریفائنری سیکٹر میں تقریباً 6 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی راہ ہموار ہوگی، جبکہ آئندہ پانچ سال کے دوران ریفائنریز کو جدید عالمی معیار کے مطابق اپ گریڈ کرنے کا منصوبہ ہے۔معاہدے کے نتیجے میں یورو فائیو معیار کے ایندھن کی پیداوار میں اضافہ متوقع ہے، جبکہ فرنس آئل اور پٹرولیم مصنوعات کی درآمدات میں کمی لانے پر بھی توجہ دی جائے گی۔
ریفائنریوں کی پیداواری صلاحیت اور کارکردگی میں اضافے کے باعث ملکی سطح پر پٹرولیم مصنوعات کی دستیابی بہتر ہونے کی توقع ہے۔
ماہرین کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی درآمدات میں کمی سے پاکستان کو سالانہ تقریباً ڈیڑھ ارب ڈالر کی بچت ہوسکتی ہے، تاہم سرمایہ کاری اور اپ گریڈیشن منصوبوں کی تکمیل کے بعد اس کے مکمل اثرات سامنے آئیں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی بیرون ملک سے واپسی پر ریفائنری اپ گریڈیشن معاہدے کے حوالے سے تقریب منعقد کیے جانے کا بھی امکان ہے۔
دوسری جانب پاکستان آئل ریفائنری (پارکو) بھی بورڈ کی منظوری کے بعد جلد معاہدے پر دستخط کرسکتی ہے، جس سے ملک کے ریفائنری سیکٹر کی مجموعی اپ گریڈیشن کے عمل کو مزید تقویت ملنے کی توقع ہے۔



