اسلام آباد اور پنجاب میں رینجرز کی تعیناتی کی منظوری

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف اضلاع میں رینجرز کی تعیناتی کی منظوری دے دی گئی، وزارت داخلہ نے اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق وزارت داخلہ نے چیف کمشنر اسلام آباد اور حکومت پنجاب کی درخواست پر رینجرز کی تعیناتی کی اجازت دی ہے، جبکہ انہیں قانون کے تحت حاصل اختیارات استعمال کرتے ہوئے پولیس کی معاونت کی بھی اجازت ہوگی۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن میں ہدایت کی گئی ہے کہ انتشاری اور مسلح جتھوں کی جانب سے حملوں کی صورت میں رینجرز اور پولیس مناسب اور ضروری جوابی کارروائی کریں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق رینجرز اور پولیس کسی بھی پرتشدد سرگرمی یا ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کریں گے۔
وزارت داخلہ کے مطابق رینجرز اہلکار امن و امان برقرار رکھنے اور سکیورٹی کے حوالے سے پولیس و انتظامیہ کو مطلوبہ معاونت فراہم کرنے سمیت تمام ضروری ذمہ داریاں انجام دیں گے۔



