کوہاٹ پولیس لائنز حملے کی تفتیش میں اہم پیش رفت، دہشتگرد نیٹ ورک کا سراغ مل گیا

پشاور(جانوڈاٹ پی کے) کوہاٹ پولیس لائنز حملے کی تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، سی ٹی ڈی کی جوائنٹ تفتیشی ٹیم نے حملے میں مبینہ طور پر ملوث نیٹ ورک کا سراغ لگا لیا۔

تفتیشی حکام کے مطابق دو دہشتگرد تنظیموں نے مبینہ طور پر باہمی تعاون سے کوہاٹ پولیس لائنز پر حملے کی منصوبہ بندی کی تھی۔ حملہ آوروں کا مقصد سی ٹی ڈی کمپاؤنڈ میں موجود اپنے ساتھیوں کو چھڑانا تھا۔

حکام کے مطابق دہشتگردوں نے حملے سے قبل کئی روز تک کوہاٹ میں قیام کیا۔ جس مکان میں مبینہ دہشتگرد ٹھہرے تھے، وہاں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے چھاپہ مارا، کارروائی کے دوران بعض افراد کو حراست میں لیا گیا جبکہ اہم شواہد بھی حاصل کیے گئے۔

تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے خودکش حملہ آور کے زیر استعمال گاڑی کا ڈیٹا اور دیگر اہم تفصیلات بھی حاصل کرلی گئی ہیں، جن کی روشنی میں مزید تحقیقات جاری ہیں۔

حکام کے مطابق پولیس، سی ٹی ڈی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بروقت کارروائی سے دہشتگردوں کا منصوبہ ناکام بنایا گیا۔

تفتیشی حکام نے بتایا کہ دہشتگردوں نے گزشتہ سال بھی کوہاٹ پولیس لائنز پر حملے کی منصوبہ بندی کی تھی، تاہم حملے سے قبل ہی مبینہ دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔

مزید خبریں

Back to top button